میر شکیل الرحمان کیس، نیب کا نواز شریف کو اشتہاری قرار دلانے کا فیصلہ

نیب نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دلانے کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کے وارنٹ گرفتار ی جاری کردیے ہیں۔
نیب نے میر شکیل الرحمان اراضی کیس میں نوازشریف کو سوالنامہ ارسال کیا مگر انہوں نے تفتیشی ٹیم کو کوئی جواب نہ دیا۔نیب نے نوازشریف سے اراضی الاٹمنٹ کے حوالے سے سوال پوچھا۔ یاد رہے کہ 1988 میں نوازشریف پر بطور وزیراعلیٰ پنجاب غیر قانونی طور پراراضی جنگ اور جیو گروپ کے مالک میر شکیل کودینے کا الزام ہے.قومی احتساب بیورو نے سوالنامہ نوازشریف کی پاکستان میں موجود دو رہائش گاہ اور لندن کے فلیٹ ایون فیلڈ پر ارسال کیے مگر سابق وزیراعظم نے اس معاملے پر نیب کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔نیب کے مطابق سوالنامے سے پہلے نوازشریف کو پیشی کے لیے متعدد نوٹس بھی جاری کیے گئے، قومی احتساب بیورو نے نوازشریف کو اشتہاری قرار دلوانے کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔نواز شریف کو اشتہاری قرار دلوانے کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کیا جائے گا.نیب ذرائع کے مطابق نیب نے اس حوالے سے اراضی کیس میں نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کرانے کے لیے قانونی تقاضے بھی پورے کر لیے ہیں۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف متعدد بار طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے اور انہوں نے نیب کے سوال نامے کا جواب بھی نہیں دیا،جس کے بعد ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انھیں اشتہاری قرار دلوانے کیلئے احتساب عدالت سے رجوع کا فیصلہ کیا گیا.
یاد رہے کہ میر شکیل الرحمان نے 1986 میں لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں 54 کنال پرائیویٹ پراپرٹی خریدی، اس خریداری کو جواز بنا کر نیب نے انھیں 5 مارچ کو طلب کیا، میرشکیل الرحمان نے اراضی کی تمام دستاویزات پیش کیں اور اپنا بیان بھی ریکارڈ کروایا۔نیب نے 12 مارچ کو دوبارہ بلایا، میر شکیل انکوائری کے لیے پیش ہوئے تو انھیں گرفتار کر لیا گیا۔آئینی اور قانونی ماہرین کے مطابق اراضی کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران اُن کی گرفتاری بلا جواز تھی کیونکہ نیب کا قانون کسی بزنس مین کی دوران انکوائری گرفتاری کی اجازت نہیں دیتا۔لاہور ہائیکورٹ میں دو درخواستیں، ایک ان کی ضمانت اور دوسری بریت کے لیے دائرکی گئیں، عدالت نے وہ درخواستیں خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ مناسب وقت پر اسی عدالت سے دوبارہ رجوع کر سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button