میلہ چراغاں : پنجاب حکومت نے تعطیل کا اعلان کر دیا

لاہور میں ہر سال میلہ چراغاں بہت دھُوم دھام سے منایا جاتا ہے۔ یہ میلہ دراصل پنجابی زبان کے مشہور شاعر اور صوفی بزرگ شاہ حُسین لاہوری کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس عظیم صوفی بزرگ کے عرس کے موقع پر لاہور میں عام تعطیل ہوتی ہے۔
حکومت پنجاب نے لاہور میں میلہ چراغاں کے سلسلے میں چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔باضابطہ سیکشن آفیسر ویلفیئر نے چھٹی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق 27 مارچ بروز ہفتہ کو صوبائی دارالحکومت لاہور میں میلہ چراغاں کے حوالے سے چھٹی ہو گی۔ میلہ چراغاں کے حوالے سے یہ مقامی چھٹی ہوگی جس پر تعلیمی ادارے اور ضلعی دفاتر بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ شاہ حُسین لاہوری 1539ء کو لاہور کے ٹکسالی دروازہ میں مقیم مسلمان کے گھر پیدا ہوئے۔ شاہ حُسین لاہوری بچپن سے ہی بہت عبادت گزار اور شرع کے پابند تھے۔ اُنہوں نے مشہور بزرگ شیخ بہلول دریائی کے ہاتھ پر بیعت کی۔ وہ دِن رات ریاضت اور مجاہدے میں مصروف رہتے۔ جوانی میں اُن پر جذب و مستی کی کیفیت طاری ہوگئی۔ جس کے بعد وہ شاعری اور موسیقی کی جانب مائل ہو گئے۔ اُن کا صوفیانہ کلام عشق و حُسن کی سرمستی اور دُنیا کے فانی ہونے کے پیغام سے بھرپور ہے۔ شاہ حُسین کی صوفیانہ کافیاں دُنیا بھر کے ادب میں بلندپایہ مقام رکھتی ہیں۔ شاہ حُسین کا ایک مُرید مادھو تھا جس کا تعلق ہندو گھرانے سے تھا، تاہم وہ شاہ حُسین کی تعلیمات سے متاثر ہو کر ہمیشہ کےلیے اُن سے منسوب ہوگیا اور ساری عمر اُن کی خدمت میں گزار دی۔ شاہ حُسین کی وفات کے بعد اُن کا مُرید مادھو لال حُسین اُن کا گدی نشین بنا۔ شاہ حُسین اور مادھو کا لازوال روحانی تعلق ایسی مثال بنا کہ شاہ حُسین، مادھو لعل حُسین کے نام سے ہی مشہور ہوگئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button