پنجاب میں اسکول 15 ستمبر سے کھولنے کا مشروط اعلان

صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے اسکولز کھولنے کے حوالے سے اہم اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی اسکول 15ستمبر سے ہی کھلیں گے۔ مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی اسکولز 15ستمبر سے کھلیں گے۔
اسکول کھولنے کا دارومدار کورونا وبا پر قابو پانے کی صورت میں ممکن ہے۔ اس حوالے سے کورونا ایس او پیز مکمل تیار ہیں۔کورونا ایس او پیز کے حوالے سے والدین کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔مراد سے مزید کہا کہ پندرہ ستمبر سے قبل اسکول کھلنے کی تمام تر خبریں بے بنیاد ہیں۔ قبل ازیں پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے 15 اگست سے اسکول کھولنے کا اعلان کیا۔ پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن اور چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے حکومت سے فوری تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بندش سے کروڑوں طلبہ کا تعلیمی عمل رکا ہوا ہے۔ پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ حکومت 15 اگست سے تمام اسکول کھول دے اور اگر حکومت نے ایسا نہ کیا تو خود اسکول کھول دیں گے۔


اسکول کھولنے والے اداروں کو قانونی تحفظ دیا جائے ورنہ لانگ مارچ کیا جائے گا۔ تاریخ میں آج تک کوئی حکومت تعلیم کیلئے سنجیدہ نہیں ہوئی۔ کورونا کے نام پرتعلیم کے ساتھ جو کیا گیا وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ اسکول کھولنے کےلئے ایس او پیز دئیے گئے مگر حکومت سنجیدہ نہیں۔ اسکولوں کی بندش سے 5کروڑ بچے اسکول جانے سے محروم ہوچکے ہیں۔ مدارس بچوں سے امتحانات لے سکتے ہیں تو حکومت کیوں نہیں لے سکتی۔
حکومت نے اربوں کی فیس لیکر امتحانات نہیں لیے۔ چیئرمین آل سندھ پرایویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حیدرعلی نے بھی تعلیمی ادارے فوری کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش منظور نہیں، چھ ماہ سے کروڑوں بچوں کا تعلیمی عمل رکا ہوا ہے، اسکول بند ہونے سے لاکھوں بچے چائلڈ لیبر کا شکار ہوگئے ہیں۔ پہلے ہی دو کروڑ سے زیادہ بچے اسکولز سے باہر ہیں۔ چائلڈ لیبر بچوں کا اسکول میں واپس آنا مشکل ہے۔ نجی اسکولز کی مالی مشکلات کا احساس حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم پاکستان، اور نیشنل کوارڈینیش کونسل فوری طور پر تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرے اور تعلیمی اداروں سے متعلق واضح اور دوٹوک پالیسی کا اعلان کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button