میں بھی علی ظفر کے گانے کےلیے ڈانس اسٹیپس بھیجوں گا

گلوکار علی عظمت نے علی ظفر کےلیے ویڈیو پیغام دیا ہے جس میں انہوں نے علی ظفر پر الزامات لگانے کے بجائے کہا ہے کہ وہ علی ظفر کے نئے گانے کےلیے ویڈیو بناکر بھیجیں گے۔
پاکستان کے دو نامور راک اسٹارز علی عظمت اور علی ظفر اس وقت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کےلیے گائے گئے اپنے گانوں کی وجہ سے خوب توجہ حاصل کررہے ہیں۔ جہاں علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی تین سیزنز کےلیے آفیشل ترانے گائے وہیں علی عظمت نے پی ایس ایل 5 کے ترانے پر پرفارم کیا۔


خیال رہے کہ پی ایس ایل 5 کا ترانہ ‘تیار ہو’ سامنے آنے کے بعد اسے شائقین کا ملا جلا ردعمل موصول ہوا تھا جس کے بعد علی عظمت نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ پی ایس ایل کےلیے گزشتہ ترانوں کے گلوکار نے بلاگرز کو خرید کر تیار ہو کے خلاف ٹوئٹس کروائیں۔
جس کے بعد علی ظفر کی ایک طنزیہ ویڈیو سامنے آئی تھی جب کہ مداحوں کے اصرار پر انہوں نے بھی پی ایس ایل کے لیے اپنا گانا بنانے کا اعلان کردیا تھا اور بعد ازاں اس کی دھن بھی جاری کردی تھی۔
علی ظفر نے مداحوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے گانا تیار کرلیا ہے لیکن اس کی ویڈیو کے لیے مداحوں نے مدد کرنی ہے اور انہیں بتائے گئے ڈانس اسٹیپس پرفارم کرکے ویڈیوز بھیجنی ہوں گی۔
اور اب علی عظمت نے بھی اعلان کردیا ہے کہ وہ علی ظفر کے پی ایس ایل کے گانے کےلیے ڈانس اسٹیپس پرفارم کرکے ویڈیو بھیجیں گے۔


علی عظمت نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام ‘جشن کرکٹ’ میں دیے ایک انٹرویو میں پی ایس ایل کےلیے گائے اپنے ترانے اور علی ظفر کے گانے کے حوالے سے بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ پاکستان کےلیے خوشی کا موقع ہے، کرکٹ کا بحال ہونا بڑی بات ہے، اس موقع پر ہر کوئی نیا گانا بنانا چاہتا ہے تو ایسے موقع پر علی ظفر کیوں نیا گانا نہ بنائیں؟ میں اس کے حق میں ہوں کہ وہ گانا بنائیں’۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘علی ظفر نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ڈانس اسٹیپس کرکے ویڈیو بھیجیں اور میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں بھی علی ظفر کے گانے پر ڈانس کرکے اپنی ویڈیو بھیجوں گا’۔
علی عظمت کے مطابق ‘مجھے یقین ہے علی ظفر کا گانا بھی ہٹ ہوگا، پاکستان میں 4 یا 5 ہی تو آرٹسٹ ہیں اگر انہیں بھی آپس میں لڑوا دیں گے تو یہ اچھی بات نہیں’۔
دوسری جانب علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علی عظمت کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘بھائی ویڈیو کا انتظار کررہا ہے، اتوار کو ریلیز کرنے کی کوشش ہے، آپ کا شاٹ رہ گیا ہے’۔
ادھر دوران گفتگو علی عظمت نے اپنے ترانے ‘تیار ہو’ کو ملنے والے منفی ردعمل پر بتایا کہ ‘یہ ترانہ بنانے کا عمل نہایت شاندار تھا، چار ایسے فنکاروں نے ایک ساتھ پرفارم کیا جو ایک دوسرے کو بالکل نہیں جانتے تھے، پاکستانی عوام میں کسی نے پسند کیا کسی نے نہیں پسند کیا، جب گانا جاری ہوا تب پی سی بی نے بتایا کہ کچھ بلاگرز ہیں جو اس کو منفی بناکر پیش کررہے ہیں’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘علی ظفر میرا دوست ہے، چھوٹے بھائیوں کی طرح ہے، میں اس سے واقعی بہت پیار کرتا ہوں، ہم نے اکٹھے پرفارم بھی کیا، میں اس کو الزام نہیں دیتا، وہ بہت محنتی ہے’۔
گلوکار کے مطابق کچھ ٹی وی چینلز، لوگوں اور سوشل میڈیا کی وجہ سے یہ تنازع کھڑا ہوا۔
علی ظفر کے متعلق دیے انٹرویو کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ‘میں نے اس انٹرویو میں علی ظفر کا نام نہیں لیا تھا جب کہ مجھے یہ سن کر بھی دکھ ہوا کہ پی سی بی نے پی ایس ایل میں علی ظفر کے گانے چلانے کی اجازت نہیں دی’۔
علی عظمت کے مطابق ‘میں نہیں جانتا کہ تیار ہو تنازع کے پیچھے علی ظفر کا ہاتھ ہے یا نہیں، پی سی بی کی جانب سے یہ بتایا گیا تھا کہ پریشان نہیں ہوں گانے کو منفی ردعمل ملنے پر کسی اور کا ہاتھ ہے، بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ سارا فوکس پاکستان کرکٹ سے ہٹ کر اس تنازع پر آگیا’۔
اس موقع پر شو میں شعیب اختر بھی موجود تھے اور ان کا کہنا تھا کہ علی عظمت پاکستان کے آئکون ہیں، ان کے گانے سن سن کر کرکٹ کھیلنے کا جذبہ پیدا ہوا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 5 کے لیے جاری ترانے ‘تیار ہو’ میں علی عظمت کے ساتھ عاصم اظہر، عارف لوہار اور ہارون نے پرفارم کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button