میں نہیں کھیلوں گا تو کھیلنے نہیں دوں گا کی دھمکیاں نہ دیں

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان ہماری خارجہ پالیسی پر حملہ آور ہیں،خط کا شوشہ عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانا ہے، جوکہ خطرناک ہے،عمران خان جھوٹ کی بنیاد پر عوام کو ورغلانا چاہتے ہیں، عدم اعتماد کومتنازعہ نہ بنایا جائے، وزیراعظم سیف ایگزٹ، بیک ڈور ڈھونڈنے کے بجائے عدم اعتماد کا مقابلہ کرے،میں نہیں کھیلوں گا تو کھیلنے نہیں دوں گا کی دھمکیاں نہ دیں۔اتوار کو ووٹنگ ہے ، کوئی غیر جمہوری اقدام نہیں اٹھانے دیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر ردعمل میں بلاول بھٹو نے کہا
اس وقت پاکستان میں معاشی بحران ہے، پاکستان میں وزیراعظم کی وجہ سے معاشی بحران ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی سب کے سامنے ہے، ہم سب کا فرض ہے کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالیں، کل وزیراعظم نے بطور قائد اپنی تقریر میں ایک بھی ذمہ داری ادا نہیں کی، ملک کو چلانا کوئی کرکٹ کا کھیل نہیں ہے، خط کا معاملہ کوشش ہے کہ پاکستان کے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا جائے، پاکستان دنیا بھر میں تنہائی کا شکار ہوچکاہے، وزیراعظم کے دورہ روس سے پہلے ہم شہبازشریف کے گھر گئے تھے، وزیراعظم سے پوچھتے ہیں کیا ہمیں پہلے سے پتا تھا آپ نے روس جانا اوریہ عالمی سازش تھی؟ گزشتہ تین سال سے ہم سیاسی جدوجہد میں شریک ہیں، عمران خان کو جھوٹ بولنے کی عادت ہے، اتنا ہی جھوٹ بولنا چاہیے جو سچ مانا جائے۔
بلاول بھٹو نے کہافیصلہ عمران خان نے کرنا ہے کہ عدم اعتماد تحفہ ہے یا عالمی سازش، خان صاحب اتنا جھوٹ بولیں کہ لوگ آپ پر یقین کریں، ہم نے وزیراعظم کیخلاف جمہوری طریقہ اختیار کیا۔ یہ جھوٹ کی بنیاد پرعوام کوورغلانا چاہتے ہیں۔ مشکل حالات میں پاکستان کو کرائسزسے نکالنا ہوگا، آئینی بحران،تصادم کا خطرہ پیدا نہیں کرنا چاہیے، وزیراعظم گیم تو ہارچکا ہے لیکن اس کے باوجود پچ پر لیٹ کر رو رہا ہے، ملک چلانا کرکٹ کا کھیل نہیں ہے، وزیراعظم جاتے، جاتے خارجہ پالیسی، اداروں پرحملہ آورہیں۔
انہوں نے کہا عدم اعتماد کومتنازعہ نہ بنایا جائے، وزیراعظم سیف ایگزٹ، بیک ڈور ڈھونڈنے کے بجائے عدم اعتماد کا مقابلہ کرے، ہم جمہوری لوگ ہیں، ہمارا اختلاف یہ ہے کہ آپ کوسلیکشن کے ذریعے مسلط کیا گیا۔

Back to top button