مسلم لیگ ن کو ملک دشمنی کی وجہ سے شکست ہوئی

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے حمد اللہ محب جیسے دیہاڑی داروں سے ملاقاتیں، مودی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے، حریت رہنماؤں سے دوری سمیت ملک دشمن بیانیے پر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو عبرتناک شکست ہوئی ہے ،اب ن لیگ دھرنے دے یا احتجاج کرے کشمیریوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاضی کے شعبے میں تین نئے ریاضی دان فاروق حیدر، شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی صورت میں سامنے آئے جو نئی ریاضی متعارف کرانے کی ناکام کوشش کر رہے تھے۔ 2013ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے ووٹ زیادہ تھے اور سٹیں کم تھیں۔ ن لیگ کو پی ٹی آئی اور اپنے مخالف پڑنے والے دیگر ووٹ جمع کرنے نہیں آتے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک پرامن ، جدوجہد کرنے اور قربانیاں دینے والوں کا علاقہ ہے ،مریم صفدر نے نفرت کا بیانیہ چلانے کی کوشش کی اور کشمیر کے دلیر سفیر اور سچے وکیل کو حرف تنقید کا نشانہ بنایا ، ان کی پوری انتخابی مہم اٹھا کر دیکھ لیں، انہوں نے کہیں بھی اپنے انکل مودی یا آر ایس ایس کے نظریے کی مذمت تک نہیں کی اورنریندر مودی بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جو مظالم ڈھا رہا ہے اس پر بھی خاموشی اختیار کئے رکھی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ آج بہکی بہکی باتیں کرنے والے راجہ فاروق حیدر بتائیں کہ کیا انھیں جو پانچ سال حکومت کا موقع ملا کیا، وہ غلامی کی حکومت تھی۔ کیا برہان وانی، سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، آسیہ اندرابی سمیت لاکھوں کشمیریوں کی جدوجہد غلام حکومت کے لئے ہے۔ ن لیگ کی اسی سوچ کو کشمیریوں نے ووٹ کی طاقت سے مسترد کیا۔