نجیب ہارون جذباتی شخص ہے، اوقات کے مطابق بات کرے

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے تحریک انصاف کے بانی رہنما نجیب ہارون کو کھری کھری سنا دی ہیں۔ حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتےہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نجیب ہارون اپنی اوقات کے مطابق بات کریں، وہ ایک جذباتی آدمی ہیں۔ اپنی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ نجیب ہارون کو احساس ہو گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے۔ یاد رہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے بعد مسلسل خراب ہوتی صورت حال کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی کے بانی رہنما نجیب ہارون نے وزیر اعظم کو مستعفی ہونے مشورہ دیا تھا۔ نجیب ہارون کے مشورے کے بعد حکومتی ترجمان نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہیں جذباتی شخص قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نہ پہلے کہیں جارہی تھی نہ اب کہیں جارہی ہے اور نہ جائے گی. اتحادیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ان سے متعلق بھی فیصلہ آ جائے گا، جن کو پیٹ میں درد ہے ان کو دوائی دینے کے لیے تیار ہیں. ان کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کو گزارا عمران خان کے ساتھ ہی کرنا پڑے گا۔
