نصیرالدین شاہ کی خراب صحت سے متعلق افواہوں کی اہل خانہ کی تردید

انڈین فلم انڈسٹری کے دو لیجنڈری اداکاروں عرفان خان اور رشی کپور کا ایک ہی ہفتے کے دوران انتقال ہوگیا جس سے ان کے مداح نہایت دکھ اور حیرانی کا شکار ہوئے۔
دونوں اداکاروں نے اکٹھے ’دی ڈے‘ نامی فلم میں کام کیا، عرفان خان کا انتقال 29 اپریل جبکہ رشی کپور کا انتقال 30 اپریل 2020 کو ہوا۔ عرفان خان کو بڑی آنت کے انفیکشن کے باعث اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے، جبکہ رشی کپور تقریباً 2 سال کے عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے اور انہیں سانس لینے میں تکلیف پر اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں ان کا انتقال ہوا۔
اسی ہفتے بولی وڈ کے ایک اور لیجنڈری اداکار نصیرالدین شاہ کے حوالے سے بھی افواہیں سامنے آئیں کہ انہیں طبیعت کی خرابی کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تاہم نصیرالدین شاہ کی فیملی سے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان افواہوں کی تردید کردی اور واضح کیا کہ نصیرالدین شاہ بالکل خیریت سے ممبئی میں اپنے گھر میں موجود ہیں۔
نصیرالدین شاہ کے بیٹے اداکار ویوان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر والد کے بیمار ہونے کی افواہوں کو بےبنیاد ٹھہرا دیا۔ اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’سب کچھ ٹھیک ہے، بابا بالکل خیریت سے ہیں، ان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی ساری افواہیں بےبنیاد ہیں، ہم عرفان بھائی اور چنٹو جی (رشی کپور) کے لیے دعا کرتے ہیں، ان کی بےحد یاد آرہی ہے، یہ یقیناً ہم سب کے لیے بہت بڑا نقصان ہے‘۔
نصیر الدین شاہ کی بھتیجی سائرہ شاہ حلیم نے بھی بھارتی میڈیا کو بتایا کہ نصیرالدین شاہ بالکل صحت مند ہیں اور ممبئی میں اپنی اہلیہ رتنا پاٹھک کے ساتھ اپنے گھر میں ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے والد نے نصیرالدین شاہ اور ان کی فیملی سے بات کی اور انہوں نے بتایا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔
نصیرالدین شاہ نے خود بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی صحت کے حوالے سے سامنے آئی تمام خبریں بےبنیاد ہیں اور وہ بالکل خیریت سے اپنے گھر میں قرنطینہ کیے ہوئے ہیں۔
نصیرالدین شاہ نے عرفان خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے نام ایک طویل بیان بھی جاری کیا۔
نصیرالدین شاہ نے لکھا کہ ’عرفان خان چلا گیا؟ وہ مجھے علوداع کہے بغیر چلا گیا؟ ان سے ایسا کیسے کیا، وہ شاید میرا انتظار کرلیتا‘۔اداکار کے مطابق عرفان خان ایک بہترین اداکار تھے جنہوں نے اپنے کیریئر میں کئی کامیاب فلموں میں کام کیا، اور وہ ہمیشہ ان سے بےحد متاثر ہوئے۔نصیرالدین شاہ اور عرفان خان ’مقبول‘ اور ’سات خون معاف‘ جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button