نعمان اعجاز نے عائشہ عمر سے کونسا بیہودہ سوال کیا؟

سینئر اداکار نعمان اعجاز اپنے ٹی وی پروگرام میں معروف اداکارہ عائشہ عمر سے ایک بیہودہ سوال کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔
نعمان اعجاز نے حال ہی میں ڈرامہ سیریل بلبلے کی مرکزی کردار عائشہ عمر کو اپنے پروگرام ’’جی سرکار‘‘ میں مدعو کیا تھا، جہاں اداکارہ نے ماضی میں خود کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے معاملے پر بھی بات کی تھی۔اس بارے بات کرتے ہوئے نعمان اعجاز نے عائشہ سے سوال کیا تھا کہ آخر انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والی جنسی ہراسانی کا قصہ منظر عام لانے میں اتنے سال کیوں لگا دیے؟ نعمان نے کہا کہ اگر ان کے ساتھ ہراسانی ہو چکی تھی اور وہ اب تک خاموش تھیں تو آئیندہ بھی خاموش رہ سکتی تھیں؟ ان کا کہنا تھا کہ ویسے بھی یہ واقعہ پبلک کرنے سے ان کا اپنا امیج متاثر ہوا ہے۔
نعمان اعجاز کے اس بیہودہ تبصرے اور سوال پر عائشہ عمر نے بتایا کہ جب میں نے دیکھا کہ بہت سارے لوگ اپنے ساتھ ہونے والے ’جنسی ہراسانی‘ کے واقعات پر بات کر رہے ہیں تو مجھ میں بھی ہمت آگئی اور میں نے سوچا کہ ان کے بات کرنے سے پزاروں دیگر لڑکیوں میں بھی ہمت آئے گی اور وہ بھی جنسی ہراسانی کے خلاف بات کریں گی۔ تاہم عائشہ عمر سے یہ سوال کرنے پر نعمان اعجاز کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، نعمان اعجاز کے بےہودہ سوالات کی ویڈیوز متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے بھی شیئر کیں، جہاں زیادہ تر لوگوں نے ان کے رویے کو نامناسب اور۔تعصب پر مبنی قرار دیا۔
سابق ماڈل، اداکارہ و فیشن اسٹائلسٹ فریحہ الطاف نے بھی ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے سماج میں یہ تاثر عام پایا جاتا ہے کہ کسی بھی عورت، مرد یا خواجہ سرا کو اپنے ساتھ ہونے والے ظلم، جنسی ہراسانی، ریپ اور گھریلو تشدد جیسے واقعے پر بات نہیں کرنی چاہئے۔ ہمارے معاشرے کے بیشتر لوگ مظلوم کو یہی کہتے ہیں کہ ’چُپ رہو، کچھ نہ بولو، ابھی کیا ضرورت ہے، ہو گیا، بھول جاؤ، میزبان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ نعمان کا تعلق بھی اس طبقے سے ہے جو کہتا رہتا ہے کہ کچھ نہ بولو۔
فریحہ الطاف نے اپنے کمنٹ میں لکھا کہ نفسیاتی ماہرین کہتے ہیں کہ ظلم کے شکار شخص کو اپنےساتھ ہونے والے واقعے کو بیان کرنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں، فریحہ کی طرح دیگر افراد نے بھی نعمان پر تنقید کی اور ان کے سوالات کو نامناسب قرار دیا، کچھ لوگوں نے نعمان اعجاز کو ’جاہل‘ قرار دیا جبکہ بعض نے ان کے خلاف سخت الفاظ کا استعمال بھی کیا۔
خیال رہے کہ عائشہ عمر نے ابتدائی طور پر جنوری 2020 میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں متعدد بار جنسی طور پر ہراساں کیا گیا، تاہم انہون نے کسی کا نام نہیں لیا تھا۔ اداکارہ نے اگست 2020 میں بھی اسی معاملے پر بات کی اور بتایا کہ انہوں نے 15 سال تک خود کو جنسی ہراساں کیے جانے کی بات کو چھپایا، اداکارہ کے مطابق انہیں نہ صرف بچپن میں بلکہ شوبز انڈسٹری میں بھی کئی سال تک جنسی طور پر ہراساں کیا جاتا رہا مگر انہون نے کسی کا نام نہیں لیا تھا۔ عائشہ عمر نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ ان سے بہت سارے لوگوں اور برانڈز نے کہا کہ جنسی ہراساں کرنے والے افراد کا نام لیں، تبھی انہیں مزید کام دیا جائے گا، تاہم اس کے باوجود انہوں نے کبھی بھی اپنے ساتھ غلط کرنے والے افراد کا نام نہیں لیا۔
