نفرت پھیلانے والے اشتہارات پر پابندی عائد ہوگی

سماجی رابطوں کے مقبول ترین پلیٹ فارم فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کا کہنا ہے کہ وہ فیس بک کی پالیسی کو تبدیل کریں گے تاکہ اشہارات کے ذریعے نفرت انگیزی کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نئی پالیسی کے تحت فیس بک ان تمام اشتہاروں پر پابندی عائد کرے گا جو کسی خاص نسل، قومیت، ذات پات، صنف، جنسی رجحان یا کسی کی جسمانی حفاظت یا صحت کےلیے خطرہ ہیں۔ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کا کہنا ہے کہ میں اس بات کو یقینی بنانے کےلیے پُرعزم ہوں کہ فیس بک ایسی جگہ بنی رہے جہاں لوگ اپنی آواز کو اہم امور پر تبادلہ خیال کرنے کےلیے استعمال کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نفرت اور کسی بھی ایسی چیز کے خلاف کھڑا ہوں جو تشدد کو ہوا دیتے ہیں اور ہم اس طرح کے مواد کو ہٹانے کےلیے پُرعزم ہیں چاہے وہ کہیں سے بھی آئے۔
مارک زکر برگ کا کہنا تھا کہ ہم تارکین وطن اور پناہ گزینوں کو ان اشتہارات سے (جو ان کی توہین اور انہیں کم تر ظاہر کرتے ہیں) محفوظ رکھنے کےلیے زیادہ سے زیادہ اقدامات کریں گے۔
