نوازشریف، زرداری اورگیلانی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر

نیب نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت 5 ملزمان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کردیا ہے.
نیب نے چئیرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کے دستخط کے بعد سابق صدر آصف زرداری، سابق وزیر اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس دائرکیا گیا ہے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر ریفرنس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور عبدالغنی مجید کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے ۔ نیب ریفرنس میں کہا گیا ہےکہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے آصف زرداری اور نواز شریف کو فائدہ پہنچایا، آصف زرداری اور نواز شریف نے توشہ خانہ سے تحفہ میں ملنے والی گاڑیاں حاصل کیں جو اصل قیمت کی 15 فیصد ادائیگی کر کے حاصل کی گئیں۔ ریفرنس کے مطابق آصف زرداری کو بطور صدر لیبیا اور متحدہ عرب امارات سے بھی گاڑیاں تحفے میں ملیں، سابق صدر نے گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے خود استعمال کیں۔انہوں نے گاڑیوں کی صرف 15 فیصد ادائیگی انور مجید اور عبدالغنی مجید کے ذریعے ادا کی۔ انور مجید نے انصاری شوگر ملز کے اکاؤنٹس کا استعمال کر کے 2 کروڑ سے زائد کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز کیں، ملزم نے آصف زرداری کے اکاؤنٹس میں بھی 9.2 ملین روپے ٹرانسفر کئے،عبدالغنی مجید نے 37 ملین روپے کسٹم کلیکٹر اسلام آباد کو ٹرانسفر کئے۔
ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کیں۔ ملزمان نیب آرڈیننس کی سیکشن نائن اے کی ذیلی دفعہ 2، 4، 7 اور 12 کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے ہیں ، ملزمان کا قانون کے مطابق ٹرائل کیا جائے.ریفرنس میں مزید کہا گیا ہےکہ نواز شریف 2008 میں کسی بھی عہدے پر نہیں تھے، ان کو 2008 میں بغیر کوئی درخواست دیئے توشہ خانے سے گاڑی دی گئی۔ ریفرنس میں استدعا کی گئی ہےکہ ملزمان نیب آرڈیننس کی سیکشن کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے لہٰذا ان کا قانون کے مطابق ٹرائل کر کے سخت سزا سنائی جائے۔
علاوہ ازیں نیب کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری کا گھر منجمد کرنے کی توثیق سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی دائر کردہ درخواست پر سماعت کی، اس دوران تفتیشی افسر احمد سعید وزیر عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ مشترکہ اکاؤنٹ کے ذریعے گھر کی خریداری میں پیسے دیے گئے، اپریل 2014 میں مکان کو خریدا گیا جبکہ جو رقم اس خریداری میں استعمال کی گئی وہ کرپشن کے ذریعے حاصل کی گئی تھی۔بعد ازاں عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کے گھر کو منجمد کرنے کے نیب کے اقدام کی توثیق کردی۔ساتھ ہی عدالت نے گھر منجمد کرنے کے حکم کی نقل ملزم کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی اور کہا کہ متاثرہ فریق چاہے تو عدالت سے رجوع کرسکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button