نواز شریف نہ پاکستان آئے گا اور نہ ہی مریم نوازباہر جا سکتی ہیں

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نواز شریف پاکستان واپس نہیں آئیں گے اور مریم باہر نہیں جا سکتی، عمران خان کو اپوزیشن سے کوئی خطر نہیں.وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے روہڑی میں ہونے والے ٹرین اور بس کے تصادم کا ذمہ دار بس ڈرائیور کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے ٹریک پر پھاٹک بنانا صوبائی حکومتوں کا کام ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے ٹریک پر پھاٹک بنانا صوبائی حکومتوں کا کام ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست ہے کہ بغیر گارڈ کے پھاٹک ختم کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ 10 مئی کو ایم ایل ون کا فیصلہ آ جائے گا، ایم ایل ون شروع ہو گیا تو مسائل ختم ہو جائیں گے، مئی سےکراچی تا پشاور تمام ریلوے پھاٹک ختم کر دیئے جائیں گے، ریلوے ٹریک کے دونوں طرف باڑ لگ جائے گی ریلوے کراسنگ ختم ہونے سےٹرینوں کی رفتار 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی
ان کا کہنا تھا کہ روہڑی حادثے کا شدید افسوس ہے، فلائی اوور پر رش ہونے کی وجہ سے ڈرائیور نے بس نان ٹریفکنگ اور ایسے ریلوے پھاٹک سے گزارنے کی کوشش کی جس کا انتظام سنبھالنے کے لیے کوئی ذمہ دار موجود نہیں تھا اس لیے یہ حادثہ پیش آیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے ضلع سکھر کے علاقے روہڑی کے قریب پاکستان ایکسپریس کا کوچ سے تصادم ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ جن کراسنگز پر کوئی ذمہ دار موجود نہیں ہوتا وہاں پھاٹک صوبائی حکومت نے بنانے ہوتے ہیں اس لیے صوبائی حکومتیں ہمیں فنڈز فراہم کریں تا کہ ہم یہ پھاٹک مکمل کریں۔ان کا کہنا تھا پشاور اور کراچی کے درمیان اس وقت 3 ہزار کے قریب ریلوے کراسنگز موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 10 مئی کو ایم ایل ون منصوبے پر دستخط ہوں گے جس کے تحت تمام ریلوے کراسنگز ختم ہوجائیں گی اس کے بجائے بالائی یا زیر زمین گزرگاہیں بنائی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ رواں برس 30 جون سے قبل 5 نئی مال بردرار ٹرینیں چلائی جائیں گی اور پوری کوشش ہے کہ اس سے ریونیو اکٹھا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میرا وعدہ ہے کہ 5 سال میں ریلوے منافع بخش ادارہ بن جائے گا جس کے لیے حیات ریجنسی سمیت ریلوے کی اراضی فروخت کرنے پر غور کیا جائے گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 9 مارچ سے 15ویں روزے تک اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرڈ کے کرایے میں 10 فیصد جبکہ دوطرفہ ٹکٹ لینے کی صورت میں 25 فیصد کمی لاگو ہوگی، ریلوے کی نجکاری کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ 60 دن بہت اہم ہیں اس میں کچھ عہدوں ترقیوں کے ساتھ ریلوے میں ہمہ گیر تبدیلیاں لائی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ایران کے ساتھ 4 ٹرینیں چلتی ہیں جو کورونا وائرس کے باعث سرحد بند ہونے کی وجہ سے فی الحال معطل کردی گئی ہیں جب سرحد کھلے گی تو ٹرین آپریشن بحال ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا زیادہ تر افراد جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک بہترین انسان، میرے کالج فیلو اور میرے ووٹر ہیں، زیادہ تر جرنیل میرے حلقے کے ووٹر ہوئے ہیں۔شہباز شریف کی واپسی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان جیل کاٹنے کے لیے بزدل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ کرلیں نواز شریف وطن واپس نہیں آئیں گے نہ مریم نواز باہر جاسکیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کے علاج پر پنجاب حکومت سیاست نہیں کر رہی جو مرضی کرلیں نوازشریف واپس نہیں آئیں گے اور مریم نواز باہر نہیں جائیں گی۔ مریم چلی گئیں تو پورا ٹبر ہی باہر چلا جائے گا ، شہباز شریف نے مارچ میں پاکستان آنے کا کہا تھا، اب کوئی باہر سے آیا تو کورونا وائرس کی وجہ سے اسے 14 دن کیلئے الگ رکھنا پڑے گا۔
