نواز شریف کی واپسی کیلئے حکومتی خط صرف ردی کا ایک ٹکڑا ہے

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے پاکستان میں جو اندرونی خطرات پیدا کیے گئے ہیں، وہ ہمارے وجود کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ پاکستان کو اندرونی خطرات کا سامنا ہے، سب کو بیٹھنا ہو گا اور فیصلہ کرنا ہو گا کہ ملک کو کیسے چلانا ہے. نواز شریف کی واپسی کیلئے وفاقی حکومت کے لکھے گئے خط کی حیثیت ردی کے کاغذ سے زیادہ نہیں.
مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور مصدق ملک کراچی پہنچے جہاں انھوں نے سابق گورنر محمد زبیر اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا دوسال میں سب نے دیکھ لیا ہے، موجودہ حکومت کا جو ماڈل دیکھا ہے وہ نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں جوحالات ہیں، وہ معمولی بات نہیں ہے، پاکستان کو اندرونی خطرات کا سامنا ہے، سب کو بیٹھنا ہو گا اور فیصلہ کرنا ہو گا کہ ملک کو کیسے چلانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برسر اقتدار قوتیں اور اسٹیک ہولڈرکو فیصلہ کرنا ہو گا کہ ملک میں حکومت کیسے ہوا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا آج قائداعظم کے پاکستان میں جمہوریت نہيں آمریت ہے، آج ملک میں نہ حکومت ہے، نہ ترقی نہ روزگار اور وزیراعظم لاپتہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کے دور میں ملک میں منہگائی نہیں تھی، 2018 میں کراچی روشنیوں کا شہر تھا، امن قائم تھا، آج عوام منہگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، آٹا 70، چینی 90 روپے کلو ہو چکی ہے۔ ن لیگ کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ ملک میں اتنی منہگائی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، ملک میں منہگائی کے ذمہ دار عمران خان ہیں، وہ جواب دیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم اقتدار کے بھوکے نہیں ہیں لیکن ملک کے نظام کو درست کرنا ہے، موجودہ نظام میں ملک درست نہیں ہو سکتا۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ ہم نے 2018 میں بھی کہا تھا کہ الیکشن متنازع ہیں، ہمیں اس آمریت کا مقابلہ کرنا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا چیلنج کرتا ہوں الیکشن کرا لیں، ن لیگ لیگ الیکشن سوئپ کرے گی- وفاقی حکومت کی جانب سے نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے حکومت برطانیہ کو لکھے گئے خط سے متعلق سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے خط کی حیثیت ردی کے کاغذ سے زیادہ نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی سیاست کرنی ہے، ہمیں اپنی، دونوں جماعتیں اپوزیشن میں ہیں اور سب کا مقصد ایک ہے کہ ملک ترقی کرے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس نہیں، ملک میں آج بدقسمتی سے جمہوریت نہیں، آج روزگار نہیں، حکمران لاپتہ ہیں، سب اکٹھے بیٹھیں، فیصلہ کریں پاکستان کو کیسے چلانا ہے۔ آٹا کیوں مہنگا ہوا ؟ عمران خان جواب دیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ حکومت کو ہٹانے کے لیے کسی گرینڈ الائنس کی ضرورت نہیں، عوام فیصلہ کرچکے ہیں کہ حکومت ختم ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی اقتدار کے طالب نہیں، ہمیں ملک کی ترقی اور خوشحالی چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button