نواز لیگ کے تمام 84 ایم این ایز استعفے دینے کو تیار ہیں

لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نواز شریف آج یہ تگ و دو اور جدوجہد چوتھی بار اقتدار میں آنے کے لیے نہیں کر رہے، ان کی جدوجہد پاکستان میں عوام کے اقتدار کی جدوجہد ہے، 72 سال سے عوام کا اقتدار ایک سیراب ہے اور آج بھی ایک ایسی منزل ہے جسے ہم گُم کر چکے ہیں۔ نواز شریف کے مطالبے پر قومی و پنجاب اسمبلیوں سے استعفیٰ دے دیں گے.
لاہور میں پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں جو کچھ ہوا، جس طرح آر ٹی ایس کو ڈاؤن کرکے عوام کے اقتدار کو روکا گیا، ووٹ کی حرمت کو جس طرح پامال کیا گیا پاکستان کی تاریخ میں ایسا کئی بار ہوا ہے لیکن اس کا خمیازہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام بھگت رہے ہیں، ایک جرم یہ تھا کہ تین بار ملک کے وزیر اعظم منتخب ہونے والے نواز شریف کو نکالا گیا، دوسرا جن یہ تھا کہ جب عوام کی عدالت لگے تو اس کے فیصلے کو آر ٹی ایس کو ڈاؤن کرکے مسخ کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان دنیا میں تنہا ہے اور اس کا کوئی دوست نہیں ہے، 72 سال میں ہم نے کشمیر کے لیے 3 جنگیں لڑیں لیکن اس حکومت نے کشمیر کو پارسل کرکے فروخت کردیا، کشمیر کا جو حصہ پاکستان کا ہے اس کے وزیر اعظم کو غدار قرار دے دیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ 70 سال میں ملک نے اتنا نقصان نہیں اٹھایا جتنا عمران خان کی اس 2 سال کی حکومت میں اٹھایا ہے، ملک کی معیشت اور لوگوں کا سکون برباد ہوگیا، یہ جمہوریت کی جنگ ہے جس کا نواز شریف نے اعلان کیا ہے، ہم نے ہر دور میں جمہوریت کے لیے نواز شریف کے دور میں جنگ لڑی ہے اور جب اس جدوجہد کا نقطہ عروج پہنچے گا تو قومی اسمبلی میں (ن) لیگ کے 84 اراکین نواز شریف کے مطالبے پر استعفیٰ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پھر ہم دیکھیں کہ کون سینیٹ کے الیکشن کراتا ہے، وہ کونسا الیکٹرول کالج ہوگا جو سینیٹ کے الیکشن کرائے گا، اسی طرح پنجاب اسمبلی سے بھی قائد کے مطالبے پر ہمارے تمام اراکین استعفیٰ دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button