نون لیگ کے 36 انتخابی امیدوار جو ہیں آپس میں رشتہ دار؟

پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب میں قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے پارٹی امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ جن میں 36 امیدوار ایسے ہیں جو رشتے میں باپ بیٹا، باپ بیٹی، شوہر بیگم، بھائی بھائی، ماں بیٹا، سسر داماد اور چچا بھتیجا ہیں۔
لاہور سے میاں نواز شریف اور انکی بیٹی کو قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔ اسی طرح شہباز شریف اور انکے بیٹے حمزہ شہباز شریف بھی قومی اسمبلی کے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ مسلم لیگ ن لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر کو قومی اسمبلی اور ان کے بیٹے فیصل ایوب کو صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ لاہور سے ہی افضل کھوکھر قومی اسمبلی اور انکے بھتیجے عرفان شفیع کھوکھر ن لیگ کی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
ڈیرہ غازی خان سے سابق وزیر اویس لغاری اور ان کے بیٹے عمار لغاری کو راجن پور سے قومی اسمبلی کا ٹکٹ ملا ہے۔ لاہور سے سابق وزیر خواجہ سعد رفیق قومی اور انکے بھائی سلمان رفیق صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہے ہیں۔ نون لیگ کی طرف سے مظفر گڑھ سے سابق وزیر سید باسط بخاری اور انکی بیٹی سیدہ شہر بانو بخاری کو میدان میں اتارا گیا ہے۔
نون لیگ نے بہاولپور سے اقبال چنڑ کو قومی اسمبلی اور انکے بیٹے کے ظہیر اقبال چنڑ کو صوبائی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے چودھری خالد جاوید وڑائچ کو قومی اور ان کے بیٹے عقبہ وڑائچ کو صوبائی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ جھنگ سے قومی اسمبلی کی ٹکٹ پر یعقوب شیخ اور صوبائی ٹکٹ پر ان کی بیوی راشدہ یعقوب امیدوار ہیں۔ قصور سے راناحیات کو قومی اور ان کے بیٹے رانا سکندر کو صوبائی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ وہاڑی سے بیگم تہمینہ دولتانہ اور ان کے صاحبزادے عرفان عقیل دولتانہ کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔
ڈیرہ غازی خان اور تونسہ سے امجد فاروق کھوسہ اور ان کے صاحبزادے عبدالقادر کھوسہ کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ لودھراں سے صدیق بلوچ کو قومی اسمبلی اور ان کے صاحبزادے عمیر بلوچ کو صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ خانیوال سے سید محمد مختار حسین شاہ کو قومی اسمبلی اور ان کے صاحبزادے محمد مرتضیٰ حسین کو صوبائی ٹکٹ دیا گیا ہے۔
شیخوپورہ سے سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف قومی اسمبلی اور انکے بھائی میاں امجد لطیف صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔ راجن پور سے سابق ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کو صوبائی اور ان کے چچا ریاض مزاری کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ فیصل آباد سے رانا ثناء اللہ خان کو قومی اسمبلی اور انکے داماد رانا احمد شہریار کو صوبائی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں مسلم لیگ ن نے اپنی انتخابی ٹکٹوں میں آٹھ نئے چہروں کو قومی اسمبلی کے ٹکٹ دئیے ہیں جو پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ ان میں جہلم سے میجر جنرل (ر) اظہر کیانی کے بیٹے بلال اظہر کیانی، لاہور سے میاں نواز شریف کی بیٹی مریم نواز شریف پہلی مرتبہ الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ سابق صدر رفیق تارڑ کے پوتے عطا اللہ تارڑ پہلی دفعہ الیکشن لڑیں گے۔ مظفر گڑھ سے سابق ممبر قومی اسمبلی باسط سلطان بخاری کی بیٹی شہر بانو بخاری، مری سے سابق وزیر راجہ اشفاق سرور کے بیٹے راجہ اسامہ سرور، شیخوپورہ سے سابق ایم این اے رانا افضال حسین کے بیٹے رانا احمد عتیق، بہاولپور سے سابق ایم این اے نجیب اویسی کے بیٹے عثمان نجیب اویسی، رحیم یار خان سے مولوی طارق کے بیٹے عزیر طارق بھی پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
دوسری طرف مسلم لیگ ن نے پنجاب میں 6 خواتین کو قومی اسمبلی جبکہ 3 خواتین کو صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ جاری کئے ہیں۔ قومی اسمبلی الیکشن میں حصہ لینے والی خواتین میں لاہور سے مریم نواز شریف، حافظ آباد سے سائرہ افضل تارڑ، سیالکوٹ سے سیدہ نوشین افتخار، مظفر گڑھ سے سیدہ شہر بانو بخاری، ننکانہ سے ڈاکٹر شذرہ منصب کھرل، وہاڑی سے تہمینہ دولتانہ شامل ہیں۔
