نیب قانون میں ترمیم ضروری، یہاں کیس نہیں فیس دیکھے جاتے ہیں

مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب میں کیس نہیں فیس دیکھے جاتے ہیں تاہم جلد حکومتی چہرے بھی نیب کی نام نہاد گرفت میں آتے نظرآ رہے ہیں.
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب سے سب سے زیادہ تنگ آج خود حکومت ہے، پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ نیب میں ترامیم کر لیں، ہم نے نیب ترامیم حکومت کو بھجوا رکھی ہیں، لیکن حکومت طرح طرح کے بہانے کرتی رہی ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، یہاں فیس دیکھے جاتے ہیں کیس نہیں، اب حکومتی چہرے بھی جلد یہاں نظر آئیں گے، اب فیس بدل رہے ہیں ، کیس تو یہاں ہے نہیں، ہم حاضر ہے بھگتنے کیلئے لیکن یہ نہیں بھگت سکیں گے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک کو اکٹھا کرنا وزیراعظم کا کام تھا لیکن انہوں نے تقسیم کرکے رکھ دیا، کورونا کا اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے مگر وفاق صوبوں سے لڑنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے اندر اختلاف نہیں،اختلاف رائے ضرور ہوتا ہے۔
