نیب کا کارنامہ، خورشید شاہ کے مرحوم بھائی بھی تفتیش کیلئے طلب

نیب سکھر نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ کے آٹھ سال قبل انتقال کر جانے والے بھائی کو تفتیش کیلئے 3 مارچ کو طلب کر لیا. نیب سکھر نے خورشید شاہ کے خلاف مبینہ کرپشن کیس میں ان کے مرحوم بھائی علی نواز شاہ کو 3 مارچ کو طلب کرنے کا نوٹس جاری کردیا ہے۔ حالانکہ خورشید شاہ کے بھائی علی نواز شاہ 8 سال قبل انتقال کرچکے ہیں اور انہیں نیب کی جانب سے اب شاہ اسپننگ ملزلمٹیڈ کی تحقیقات کےلیےطلب کیاگیا ہے۔
سکھر میں احتساب بیورہ نے خورشید شاہ کے مرحوم بھائی علی شاہ نواز کو طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ رہنما پیپلزپارٹی اور رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ پر جاری بدعنوانی کیس میں علی شاہ نواز 3 مار چ کو نیب میں حاضر ہو۔ تاہم نیب اس بات سے لاعلم ہے کہ کہ رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ کے بھائی علی شاہ نواز 8 سال قبل اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔ یہ بات بھی قابل غور رہے کہ 22 دسمبر 2019 کو نیب نے خورشید شاہ کیس میں ان کی بیگمات، بیٹے، بھتیجے اور دوست کو بھی ریفرنس میں شامل کیا ۔ نیب نے خورشید شاہ کیخلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کا ریفرنس دائر کردیا، ریفرنس میں خورشید شاہ کیساتھ انکی بیگمات ناز بی بی اور طلعت بی بی بھی شامل ہیں۔ جبکہ ان کے بیٹے ایم پی اے فرخ شاہ، زیرک شاہ، بھتیجے صوبائی وزیر اویس شاہ کے نام بھی ریفرنس میں شامل کئے گئے تھے ۔
نیب کی جانب سے کسی مرحوم کو طلب کرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں، نیب سکھر اس سے قبل مرحوم عبدالفتح انڈھڑکو بھی طلب کرچکی ہے اور وہ 7 سال قبل انتقال کرچکےہیں۔
