نیلم شادی سے پہلے محبت اور ڈیٹنگ پر یقین نہیں رکھتیں

ڈراموں میں بولڈ کردار اور فلموں میں آئٹم سانگز کرنے والی خوبصورت اداکارہ نیلم منیر کا کہنا ہے کہ وہ شادی سے پہلے محبت اور ڈیٹنگ کرنے پر یقین نہیں رکھتیں۔ انہوں نے کہا کہ میری نظریں کمزور ہیں اس لئے پہلی نظر کی محبت تو مجھے ہو ہی نہیں سکتی۔ نیلم نے مزید کہا کہ اگر وہ لڑکا ہوتیں تو کسی یتیم لڑکی سے شادی کرکے اس کا سہارا بنتیں۔ ساتھ ہی نیلم منیر نے مرد حضرات کو بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین سے بھی شادیاں کرنے کی تجویز دے دی۔
ایک انٹرویو میں نیلم منیر کا کہنا تھا کہ کسی بھی مرد کو میرے دل میں اترنے کے لیے بہت سارے مراحل سے گزرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ شوبز انڈسٹری سے تعلق قائم ہونے کے بعد اب ان کی زندگی میں بہت کچھ بدل گیا ہے، بولیں کہ اب میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ بہت زیادہ ذمہ دار بھی ہو گئی ہوں۔ میں نے اپنا کیریئر بناتے ہوئے صرف کام پر توجہ دی ہے، کون میرے بارے میں کیا سوچتا ہے اور کیا رائے دیتا ہے اس پر میں نے کبھی نہیں سوچا۔ نیلم منیر نے بتایا کہ میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنے کام سے کام رکھوں، میں کسی کے معاملے میں دخل اندازی نہیں کرتی اور نہیں چاہتی کہ کوئی دوسرا بھی میرے معاملات میں غیر ضروری دخل اندازی کرے۔
مکھڑے پہ کالا تل سجائے نیلم منیر اگرچہ ڈراموں اور فلموں میں بولڈ کردار کرتی دکھائی دیتی ہیں، تاہم حقیقی زندگی میں وہ شادی سے قبل کسی طرح کی محبت اور ملاقاتوں پر یقین نہیں رکھتیں۔ نیلم منیر نے ایک میگزین انٹرویو میں اپنی شادی، آئیڈیل شریک حیات، محبت، نفرت اور زندگی سمیت اپنے کیریئر اور سماج سے متعلق کھل کر بات کی اور بتایا کہ وہ کس طرح کے شخص سے شادی کرنا چاہیں گی۔ شادی کے لیے اپنے آئیڈیل شریک حیات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں ایسے مرد پسند ہیں جو اپنے گھر والوں کی عزت کریں۔ نیلم کے مطابق جو شخص اپنی والدہ اور خاندان کے دیگر افراد اور ان کی والدہ سمیت دیگر اہل خانہ کی عزت کرتا ہے، انہیں ایسے ہی افراد پسند ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں نیلم کا کہنا تھا کہ شادی سے قبل وہ کسی قسم کی ڈیٹنگ یا محبت پر یقین نہیں رکھتیں، کیوںکہ ان کے خیال میں یہ بہت عجیب معاملہ ہے کہ شادی سے قبل لڑکی کو کسی کے لیے سجنا، سنورنا اور تیار ہونا پڑے۔
اداکارہ نے وضاحت کی کہ شادی کے بعد سب کچھ چلتا ہے مگر وہ شادی سے قبل محبت پر یقین نہیں رکھتیں۔ جنس مخالف کی شخصیت کا اندازہ لگانے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر نیلم نے بتایا کہ انسان کے بات کرنے اور چلنے پھرنے کا انداز ہی اس کی شخصیت عیاں کردیتا ہے۔ ’رانگ نمبر’ اداکارہ کے مطابق لڑکیاں کسی بھی شخص سے ملتے وقت ان کے بات کرنے کے انداز، اٹھنے، بیٹھنے اور چلنے سے ہی ان کی شخصیت کا اندازہ لگا لیتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی مرد کی شخصیت جانچنے کے لیے انہیں نہیں گھورتیں بلکہ ان کےبات کرنے کے انداز، اٹھنے، بیٹھنے اور چلنے کے انداز سے ان کی شخصیت کا پتا لگاتی ہیں۔
انٹرویو کے دوران نیلم نے اپنے کیریئر کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ان اپنے کرداروں میں سب سے زیادہ ’دل موم کا دیا’ ڈرامے کا کردار ’الفت’ پسند ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ ایسا بہت بار ہوچکا ہے کہ انہوں نے کسی ڈرامے یا دوسرے منصوبے میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے لیکن بعد ازاں اس میں تھوڑی سی تبدیلیاں کیے جانے کے بعد انہوں نے مذکورہ ڈرامے میں کام کیا مگر انہوں نے ایسے ڈراموں کے نام بتانے سے گریز کیا۔ نیلم منیر نے اپنے مرد مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ اچھے سے اچھے کی تلاش میں کبھی بہت ہی معصوم شخصیت کو گنوا دیتے ہیں، ایسے افراد کو چاہیے کہ وہ دارالامان اور ایدھی سینٹرز جاکر یتیم لڑکیوں سے شادیاں کرکے ان کی زندگی بدلیں تو بہت اچھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کا کوئی بھائی ہوتا تو وہ انہیں بھی یہی مشورہ دیتیں کہ دارالامان کی کسی یتیم لڑکی سے شادی کرکے ان کا سہارا بنیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر وہ لڑکا ہوتیں تو وہ بھی کسی یتیم لڑکی سے شادی کرکے ان کا سہارا بنتیں۔ ساتھ ہی نیلم منیر نے مرد حضرات کو بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین سے بھی شادیاں کرنے کی تجویز دی۔
خیال رہے کہ نیلم منیر نے 2010 میں اداکاری کی شروعات ڈراموں اور ٹیلی فلموں سے کی تھی اور اب تک وہ 3 درجن سے زائد ڈراموں میں کام کر چکی ہیں۔ نیلم منیر نے 2017 میں ’چھپن چھپائی’ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک وہ ’رانگ نمبر 2’ اور ’کاف کنگنا’ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ نیلم منیر نے ’کاف کنگنا’ میں ’خوابوں میں جب میں پاکستان گئی رے’ آئٹم سانگ بھی کیا تھا۔
