نیوزی لینڈ نے دورہ پاکستان کیلئے ٹیم بھیجنے کی منظوری دیدی

 نیوزی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے ٹیم بھیجنے کی منظوری دے دی ، کیوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ نے اپنے سکیورٹی ماہر کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اس دورے کے لیے مقرر کیے گئے کپتان ٹام لیتھم نے ڈھاکا سے زوم پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں رگ ڈیکاسن کی رپورٹ پر یقین ہے۔

کیوی قائد کا کہنا تھا کہ رگ ڈیکاسن نیوزی لینڈ کے لیے طویل عرصے سے کام کر رہے ہیں، ان کی پیش کردہ رپورٹ پر اطمینان ہے ۔ کیوی میڈیا کے مطابق کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم کو بھی دورہ پاکستان کے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 2003ء کے بعد پہلی مرتبہ 11 ستمبر کو پاکستان پہنچنا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی میچز پر مشمل سیریز لاہور اور راولپنڈی میں کھیلی جائیں گی۔

یاد رہے کہ این سی او سی کی جانب سے پاک نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کیلئے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے ، جس کے تحت پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول تینوں ون ڈے میچز کیلئے 4500 تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی

جبکہ قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں شیڈول 5 ٹی ٹونٹی میچز کیلئے 5500 تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے تاہم صرف کورونا ویکسین کی خوراکیں مکمل کرنے والے تماشائیوں کو ہی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

Back to top button