نیو اسلام آباد ائیرپورٹ سمیت حیسکو اور سیکو کی نجکاری کا فیصلہ

نیو اسلام آباد ائیرپورٹ سمیت حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی (سیکو) کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بورڈ نے حیدرآباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی نجکاری کے لیے ٹرانزیکشن کمیٹیاں قائم کرنے کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کی نجکاری کے موجودہ عمل کو ختم کرنے کی سفارش کی گئی، جبکہ ادارے کے 51 فیصد حصص کی نیلامی دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اسی طرح پاکستان مورگیج ری فنانس کمپنی کے لیے موصول ہونے والی 4.2 ارب روپے کی بولی مسترد کر دی گئی، کیونکہ کمپنی کی ریفرنس قیمت 13 ارب 55 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔

نجکاری بورڈ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو نجکاری پروگرام میں شامل کرنے کی بھی سفارش کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کے لیے کنسیشن ماڈل اپنایا جائے گا، جبکہ ائیرپورٹ کی نجکاری میں گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ ماڈل کو مسترد کرتے ہوئے اوپن بولی کے ذریعے نجکاری کا فیصلہ کیا گیا۔

Back to top button