نیپرا کا بجلی کی قیمت میں اضافے کا اعلان

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کرتے ہوئے یکم جنوری سے فی یونٹ نرخ میں ایک روپے 79 پیسے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
نیپرا کا یہ فیصلہ منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے، جس کا اطلاق وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہوگا۔
فی الوقت ملک میں بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف 31 روپے 59 پیسے فی یونٹ ہے۔
دوسری جانب نیپرا نے بجلی کے نرخ میں 93 پیسے فی یونٹ کمی کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بجلی نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سستی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کو جنوری کے بجلی بلوں میں ریلیف ملے گا، تاہم لائف لائن صارفین اس سہولت سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔
