ن لیگ ںے فاروق ستار کو پارٹی میں شمولیت کی پیشکش کردی

مسلم لیگ (ن) نے سینئر سیاستدان اور ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے کراچی میں سینئر سیاستدان اور ایم کیوایم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار سے ملاقات کی۔ (ن) لیگی وفد نے فاروق ستار کو میاں صاحبان کا خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اور پارٹی میں شمولیت کی بھی دعوت دی۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ لیگی وفد نے فاروق ستار کو جمہوریت کے فروغ اور ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی بھی دعوت دی۔ اس دوران احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) فاروق ستار کے بزرگوں کی جماعت ہے، انہیں پارٹی میں دعوت دینےکی ضرورت نہیں۔ احسن اقبال کے بیان پر فاروق ستار نے جواباً کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کو اپنا بزرگ مانتا ہوں
ن لیگ کے وفد کا کہنا تھا کہ آپ کا ملکی سیاست میں بہت اہم رول ہے، آپ کی پارٹی میں شمولیت سے جمہوریت کو فائدہ ہوگا اور ہمیں بھی آپ سے سیاست سیکھنے کا موقع ملے گا۔
لیگی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اپنے گروپ کے ساتھ ملنے آئے بہت اچھا لگا، ہم ایک دوسرے کو 30 سال سے جانتے ہیں، پارلیمان میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔ اس موقع پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کراچی ایک عام شہر نہیں یہ پاکستان کا دل ہے، یہ شہر ترقی نہیں کرے گا تو پاکستان ترقی نہیں کرے گا، کراچی کو (ن) لیگ نے بہت سے منصوبے دیے ہیں لیکن اب وہ سلسلہ بدقسمتی سے رک گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کے سامنے اپنی باتیں رکھیں اور ان کی باتیں سنیں، یہ پہلا موقع ہےکہ سیاسی جماعتوں میں ڈائیلاگ نہیں ہورہا، ڈائیلاگ کے لیے سب سے پہلے حکمران جماعت ہاتھ بڑھاتی ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں شفاف اور غیر جابندارانہ انتخابات ہونے چاہئیں، اس کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں مسائل کے حل کے لیے ایک نیا سیاسی کنٹریکٹ کیا جائے، اس کے بعد آزاد اور شفاف الیکشن کرائے جائیں، پہلی بار سیاسی جماعتوں میں ڈائیلاگ نہیں ہو رہا ہے اس کی ذمہ دار حکومت ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کراچی پاکستان کا دل ہے، کراچی ترقی نہیں کرے گا تو پاکستان ترقی نہیں کرے گا، ہم نے اپنے دور حکومت میں کراچی میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے، سیاسی جماعتیں ہمیشہ ڈائیلاگ قائم رکھتی ہیں، ہم اقتدار کے حوس کی بات نہیں کرتے عوامی مسائل کی بات کر رہے ہیں۔ اس موقع پر فاروق ستار کا کہنا تھا پی ٹی آئی اور نون لیگ کے دور کا موازنہ کیا جائے تو سابق حکومت کا دور بہتر تھا، موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے، اب ہمیں کراچی کیلئے پیکج اور خیرات نہیں چاہیے، کراچی کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، کراچی کو کم از کم سالانہ 300 ارب ملنے چاہیے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر پاکستان مسلم لیگ نواز کے اعلی سطحی وفد کی سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں آمد،کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور رابطہ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات۔ پاکستان مسلم لیگ نواز کے وفد میں احسن اقبال،مفتاح اسماعیل،مریم اورنگزیب،مصدق ملک اور سابق گورنر محمد زبیر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ملک کی سیاسی صورتحال بھی زیر غور آئی
