واردات ناکام،چور کچن کے ایگزاسٹ کےسوراخ میں پھنس گیا

بھارت میں چوری کی ایک ناکام واردات نے اس وقت دلچسپ رخ اختیار کرلیا جب ایک مبینہ چور گھر میں داخل ہوتے ہوئے کچن کے ایگزاسٹ سوراخ میں بری طرح پھنس گیا۔
اس غیر معمولی واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جسے دیکھ کر صارفین حیرت اور مزاحیہ تبصروں کا اظہار کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست راجستھان میں پیش آیا، جہاں ایک شخص چوری کی نیت سے سبھاش کمار راوت کے گھر میں داخل ہوا۔ واردات کے دوران وہ باورچی خانے کے ایگزاسٹ پنکھے کے شافٹ میں اس طرح اٹک گیا کہ تقریباً ایک گھنٹے تک اسی حالت میں لٹکا رہا۔
واقعے کے وقت گھر کے مالک سبھاش کمار راوت کھاٹوشیام جی گئے ہوئے تھے۔ اگلے دن دوپہر کے قریب جب ان کی اہلیہ گھر واپس آئیں اور مین گیٹ کا تالا کھولا تو کچن کی جانب نظر پڑتے ہی وہ حیران رہ گئیں۔ ان کے سامنے ایک شخص ایگزاسٹ کے لیے بنائے گئے سوراخ میں پھنسا ہوا تھا، جس کا آدھا جسم گھر کے اندر اور آدھا باہر کی جانب تھا۔
