واٹس ایپ کے ذریعے آرڈیننس منظور، انوکھی مثال قائم

وفاقی کابینہ نے واٹس ایپ کے ذریعے آرڈیننس منظور کرکے انوکھی مثال قائم کردی۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماہرین کی طرف سے سماجی فاصلہ اختیار کرنے اور گھروں سے کام کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ ہر کسی کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کےلیے مختلف احتیاطی تدابیر اپنائی جارہی ہیں۔ایسے میں وفاقی کابینہ کی جانب سے بھی ایک انوکھا اقدام دیکھنے میں آیا ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے واٹس ایپ کے ذریعے آرڈیننسوں کی منظوری دے کر ملکی تاریخ میں پہلی بار انوکھی مثال قائم کی ہے۔کابینہ نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سزاؤں اور تعمیراتی انڈسٹری کےلیے مراعات کے آرڈیننس واٹس ایپ کے ذریعے منظور کیے۔ اس سے پہلے سرکولیشن سمری فری کابینہ ارکان کے گھر یا دفتر میں بھجوائی جاتی تھی۔کابینہ ارکان کے دستخطوں کے بعد ایجنڈا آئٹمز کی منظوری ہوتی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 465 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ جس کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار 481 ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث مزید 8 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔ جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 143 تک جا پہنچی ہے۔ مگر دوسری جانب اس مہلک وباء سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہے ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اب تک 1832 افراد اس خطرناک وبا سے صحت یاب ہو چکے ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں مریضوں کی تعداد3 ہزار 391 ہو گئی ہے۔ جب کہ سندھ میں 2 ہزار 217 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں ایک ہزار 17 افراد کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
