وزارتوں، محکموں کو اخراجات کم کرنے کی ہدایت

حکومت نے سرپلس فنڈز کورونا سے متعلق ضروریات اور سماجی تحفظ کی جانب منتقل کرنے کےلیے تمام وزارتوں، محکموں اور سول اداروں کو اپنے اخراجات میں کمی کی ہدایت کردی۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے ایک اجلاس کے بعد وزارت خزانہ نے اخراجات میں مزید کمی، موجودہ اخراجات کے تمام دائرہ اختیار کو اصولوں کے مطابق بنانے، شرح سود کی ادائی، سبسڈیز اور دیگر اخراجات کے حوالے سے ایک منصوبہ تیار کرنے کا عندیہ دیا۔ اس سلسلے میں وزارت خزانہ نے براہِ راست بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے میکانزم کے ذریعے بجلی کے بلز میں سبسڈی فراہم کرنے کا خیال بھی پیش کیا تاکہ موجودہ طریقہ کار کے بجائے صارفین کےلیے مقررہ ادائی کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ موجودہ مالی سال کے 2 کھرب 50 ارب روپے کے مقابلے آئندہ برس کےلیے پاور سبسڈی کی ادائی کا ہدف 2 کھرب روپے سے کم رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم کے ویژن کے تحت موجودہ اخراجات کی بچت کو کورونا سے متعلق فنانسنگ کی جانب منتقل کرنے کے منصوبے پر غور کیا گیا۔
مشیر خزانہ کی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے بعد جاری بیان میں وزارت نے کہا کہ ملاقات آئی ایم ایف کے جائزے کے تناظر میں کورونا وائرس کے باعث معاشی سست روی کے دوران وفاقی اخراجات کی ترجیحات طے کرنے کےلیے بلائی گئی تھی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ذمہ دارانہ رویہ ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا کیوں کہ کورونا وائرس کے اثرات کے باعث ملک کی معیشت کے تانے بانے بگڑنے کی توقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button