وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا فیصلہ: پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کرتے ہوئے عوام کو عید سے قبل بڑا ریلیف دے دیا۔

قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک عبادت، صبر اور دوسروں کی مدد کا مہینہ ہے، اور اس بابرکت مہینے کے بعد آنے والی عید ہمیں خوشیاں بانٹنے اور مستحق افراد کا خیال رکھنے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے پوری قوم کو عید کی مبارکباد بھی دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حالات میں دنیا کو غیر معمولی چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ خطے میں توانائی کے شعبے پر حملوں کے باعث خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ ان کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جو چند ہفتوں میں 72 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 158 ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس صورتحال کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کی تجاویز دی گئیں، جن میں پیٹرول 50 سے 76 روپے اور ڈیزل 74 سے 177 روپے فی لیٹر تک مہنگا کرنے کی سفارش شامل تھی، تاہم انہوں نے یہ تجاویز مسترد کر دیں۔

وزیراعظم کے مطابق حکومت پہلے ہی عوام پر بوجھ کم رکھنے کے لیے 24 ارب روپے کا اضافی خرچ برداشت کر چکی ہے، جبکہ رواں ہفتے مزید 45 ارب روپے کا بوجھ بھی خود اٹھایا جائے گا۔

مشرق وسطیٰ جنگ کے اثرات، یورپ میں گیس کی قیمتیں دگنی،تیل 119 ڈالر پر جا پہنچا

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں میں حکومت تقریباً 79 ارب روپے خرچ کر کے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کو روکے ہوئے ہے، تاکہ عوام، خصوصاً غریب اور متوسط طبقہ، مہنگائی کے مزید دباؤ سے بچ سکے۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ یہ مستقل حل نہیں، لیکن حکومت اپنی پوری کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے ہدایت دی کہ ریلیف صرف مستحق افراد تک پہنچانے کے لیے شفاف نظام بنایا جائے۔

آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکل حالات میں کفایت شعاری اختیار کریں، غیر ضروری اخراجات سے بچیں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

Back to top button