وزیراعظم نے دشمن کی سازش کو ناکام بنادیا

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں ہونے والے مظاہروں کا بروقت نوٹس لے کر ملک کو ایک سانحے سے بچالیا، جس کی وجہ سے دشمن کی سازش ناکام ہوگئی، ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انتشار یہ سوچ رکھتی ہے کہ کسی نہ کسی طرح انتشار پھیلے، ماضی کی نااہل حکومت اور ہماری حکومت میں زمین آسمان کا فرق ہے، ہماری حکومت کا کام زخموں پر مرہم رکھنا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کل جب بلا امتیاز تمام اسٹیک ہولڈرز کو دعوت دی تو وفاق کے اعلیٰ عہدیداران اور اتحادی جماعتوں کے نمائندگان موجود تھے جن کے ساتھ مل کر آزاد کشمیر میں مظاہرین کے مسائل کے حل کےلیے فوری اقدامات کیے گئے، یہ حکومت کی کامیابی ہے کہ کسی بڑے نقصان کے بغیر آزاد کمشیر میں ہڑتال ختم ہوئی۔ یہی وہ فیصلہ سازی ہے جو حکومتوں کو کرنا چاہیے، ماضی کی حکومتیں ایسا نہیں کرتی تھیں۔ ہزارہ کمیونٹی کی مثال سب کے سامنے ہے کہ وہ لاشیں رکھے بیٹھے رہے لیکن وزیراعظم بضد تھے کہ وہاں نہیں جائیں گے، یہی فرق ہے نااہل اور عوام کی منتخب حکومت میں کہ اب گھنٹوں میں معاملات حل ہو جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور کسی کو اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دیاجائےگا اور سازش کرنے والوں کو ناکام بنایا جائے گا۔

Back to top button