وزیراعظم کا منافع اورغیرمنافع بخش حکومتی اداروں کی نجکاری کااعلان

وزیراعظم شہبازشریف نے اسٹریٹیجک ریاستی ملکیتی اداروں کے علاوہ دیگر تمام حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت وزارت نجکاری اور نجکاری کمیشن کے امور کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت نجکاری اور نجکاری کمیشن کی طرف سے نجکاری پروگرام 2024-2029 کا روڈ میپ پیش کیا گیا۔
وزیر اعظم نے اجلاس کے آغاز میں ہی شرکاء پر واضح کیا کہ اسٹریٹیجک ریاستی ملکیتی اداروں کے علاوہ دیگر تمام ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماسواۓ اسٹریٹیجک ریاستی ملکیتی اداروں کے دیگر تمام ریاستی ملکیتی ادارے چاہے وہ نفع بخش ہیں یا خسارہ زدہ ان کو پرائیویٹائز کیا جائے گا ۔ وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کو اس حوالے سے ضروری کارروائی اور نجکاری کمیشن سے تعاون کی ہدایت کی۔
شہبازشریف کاکہنا تھا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار اور سرمایہ کاری دوست ماحول یقینی بنانا اور اس حوالے سے سہولیات اور آسانیاں فراہم کرنا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری سے ٹیکس دہندگان کے پیسے کی بچت ہو گی اور اسی پیسے سے سروسز کی فراہمی کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے سخت ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل میں شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے وزیراعظم کی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کمپنی لمیٹڈ کی نجکاری کے حوالے سے بڈنگ سمیت دیگر اہم مراحل کو ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کرنے کی ہدایت کی ۔ مزید برآں وزیراعظم نے کہا کہ دیگر اداروں کی نجکاری کے عمل کے مراحل کو بھی براہ راست نشر کیا جائے گا۔
