وزیراعظم کی امیر قطر سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

وزیر اعظم عمران خان کی قطر کے امیر سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے قطر کے دیوان امیری میں ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی برائے اوورسیز سید ذوالفقار عباس بخاری بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔دیوان امیری آمد پر قطر کے امیر نے وزیر اعظم اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا۔
قبل ازیں قطر پہنچے تو وزیر توانائی سعد شریدہ الکعبی نے وزیر اعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے تھے۔وزیراعظم کے اس دورے کا مقصد باہمی تعاون کو مستحکم کرنے اور علاقائی ترقی پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ دورہ ایسے وقت میں کیا گیا جب 2 روز بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہی امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخظ کی تقریب ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان باہمی اعتماد کی بنیاد پر قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں، یہ دوطرفہ تعلقات وسیع اور کثیرالجہتی ہیں جو سیاست، تجارت، دفاع، لوگوں سے لوگوں کے تعلقات اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں پر محیط ہیں۔
یاد رہے کہ عمران خان کے وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ دوسرا دورہ قطر تھا۔قبل ازیں گزشتہ برس جون میں امیر قطر نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تجارتی تعاون کو مستحکم کرنے پر بات چیت ہوئی تھی اور وزیراعظم عمران خان کا حالیہ دورے نے اس معاملے کو مزید تقویت بخشی۔
اپنے آخری دورے میں عمران خان نے دوحہ کی قیادت سے قطر میں افرادی قوت بھیجنے کے معاملے پر بھی بات چیت کی تھی۔خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں قطر نے اپنے ملک میں کام کرنے کے خواہش مند پاکستانی افرادی قوت کے لیے ویزا کا عمل آسان بنانے کے پیش نظر اسلام آباد میں ویزا سہولت سینٹر کھولا تھا۔اس کے علاوہ قطر کی جانب سے پاکستانی ورکرز کے لیے ایک لاکھ نوکریوں کا بھی وعدہ کیا گیا تھا اوراس سلسلے میں حکومت نے قطری حکومت سے بات بھی کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button