وزیر اعظم عمران خان کا کرونا وائرس ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے کرونا وائرس ڈاکٹر فیصل سلطان نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ چند دن قبل وزیر اعظم کی ایک صاحب سے ملاقات ہوئی جن کا کرونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تو بطور ذمے دار وزیر اعظم اور ذمے دار شہری ہمیں خوشی ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کرونا کا ٹیسٹ کرانے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر سارا ملک بیک وقت اکٹھا ہو کر وائرس کا مقابلہ کرے گا تو ہم اس پر بہتر طریقےسے قابو پا سکیں گے اور ہمیں امید ہے کہ شاید ہمارے اعدادوشمار وہاں نہ پہنچیں جن کا بہت سے دوسرے ملکوں کو سامنا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ ہم نے 25اپریل کے بارے میں تخمینہ لگایا تھا کہ 12 سے 15ہزار کے درمیان کیسز ہو سکتے ہیں اور موجودہ صورتحال میں ایسا لگتا ہے کہ ہم اس کے قریب قریب پہنچ جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں ہماری صورتحال بہتر ہے لیکن اس صورتحال کو ہمیں برقرار رکھنا ہو گا جس کے لیے ضروری کے تمام تر احتیاط پر لازمی عمل کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا شوکت خانم لیبارٹری کے عملے نے کورونا ٹیسٹ کے لئے سیمپل لے لیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ کے لئے شوکت خانم لیبارٹری کے عملے نے سیمپل لے کر اسے شوکت خانم لیب بھجوا دیا ہے.جس کا رزلٹ 24 گھنٹوں میں آئے گا.
یاد رہے کہ دنیا کے ملک کی بڑی فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ فیصل ایدھی اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ ان کے ٹیسٹ کی جو رپورٹ سامنے آئی وہ بھی اسلام آباد کے ہسپتال کی ہی ہے۔فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے ایک روز بعد فیصل ایدھی میں وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے 15 اپریل کو فیصل ایدھی وزیراعظم عمران خان سے بھی ملے تھے اور انہیں ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا۔سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے وزیراعظم کو یہ چیک کورونا وائرس ریلیف فنڈ کے لیے دیا گیا تھا جس پر عوام کی طرف سے انھیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button