وزیر اعظم نے آٹا بحران میں جہانگیر ترین کو کلین چٹ دے دی

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جہانگیرترین کاآٹابحران میں کوئی کردارنہیں، ذمہ داروں کےخلاف سخت ایکشن لیں گے، چیئرمین ایف بی آرشدید بیمارہیں،اس پوسٹ پرنیابندہ لائیں گے۔مشیرخزانہ اورگورنراسٹیٹ بینک تبدیل نہیں ہوں گے۔
وزیراعظم کی زیرِصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مشیرخزانہ اورگورنراسٹیٹ بینک تبدیل نہیں ہوں گے۔ حفیظ شیخ اور رضا باقر کے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین ایف بی آر شدید بیمار ہیں، بطور چیئرمین ایف بی آر نیا بندہ لائیں گے، شبر زیدی میری درخواست پر صرف چھ ماہ کیلئےآئے تھے۔ معاشی ٹیم کو چیئرمین ایف بی آر کیلئے موزوں شخص لانے کی ہدایت کردی ہے۔دوسری جانب چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ انہیں ہٹانے سے متعلق سرکاری طور پر آگاہ نہیں کیا گیا،میڈیا کے ذریعے مختلف خبریں سن رہےہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت شدید بیمار ہیں،ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق مستقبل میں ذمہ داریاں سنبھالنے کا فیصلہ کرینگے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ حالیہ آٹا بحران میں جہانگیر ترین کا کوئی کردار نہیں،گندم اور آٹا بحران کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لوں گا۔ وزیراعظم نے پارٹی کو منظم اور متحد رکھنے کی ضرورت پر زوردیا۔