وزیر اعظم کا آئندہ ماہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی کرنے کا حکم
وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ ماہ تک لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کاحکم دے دیا۔
شہباز شریف نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہعوام کو جب تک اس عذاب سے نجات نہیں ملتی نہ خود چین سے بیٹھوں گا نہ کسی کو بیٹھنے دوں گا۔
وزیر اعظم نےہدایت کی کہ سابق حکومت کی مجرمانہ غفلت کی پیدا کردہ تکلیف سے شہریوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں، تیل وگیس کا بندوبست ہونے تک عبوری اقدامات کو بہتربنایا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھانوازشریف حکومت نے ملک میں اضافی بجلی کی وافرمقدار فراہم کی تھی، عمران حکومت نے ایک نیا یونٹ شامل نہیں کیا، بروقت ایندھن خریدا گیا نہ کارخانوں کی مرمت کی گئی، سابقہ حکومت نے ہمارے دور کے سستی اور تیز ترین بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بند کئے، مہنگی اور کم بجلی بنانے والے کارخانے استعمال کئے گئے۔
وزیر اعظم نے کہااس ظلم کی قیمت قوم کو ہر ماہ 100 ارب روپے کی شکل میں ادا کرنا پڑرہی ہے، 6 ارب میں ایل این جی کا جو ایک جہاز مل رہا تھا، وہ قوم کو20 ارب میں پڑ رہا ہے، عمران حکومت کا یہ ظلم قوم کو اس سال 500 ارب سے زائد میں پڑے گا، توانائی کے شعبے کی تباہی کرکے پاکستان کی معیشت دیوالیہ کرنے کی سازش کی گئی۔