وزیر اعظم شہباز شریف کی امارات کے ولی عہد سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور یو اے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے آج ابوظبی میں ملاقات کی۔جہاں کابینہ کے کلیدی ارکان اور اعلیٰ حکام بھی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
امارات کے ولی عہد نے شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور ان ذمہ داریوں میں عظیم کامیابی کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوش حالی کے لیے خیرسگالی اور نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
دونوں رہنماﺅں نے متعدد دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی مشاورت کی۔شہباز شریف نے کے بانی اور پہلے شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کی بصیرت افروز قیادت اور پاکستان اور یواےای کی دوستی کی مضبوط بنیاد قائم کرنے کی کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مرحوم شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کی بصیرت کی روشن میں دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تعلقات کو مزید پختہ اور مضبوط بنانے کے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے یواےای کی تاریخ ساز ترقی اور تیز ترین اولین 50 سال کا حوالہ دیتے ہوئے یواےای کی قیادت اور عوام کو مبارک باد پیش کی اور آنے والی دہائیوں میں مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دبئی عالمی نمائش 2020 کے کامیاب انعقاد پر یو۔اے۔ای کی قیادت اور نمائش منعقد کرنے والی ٹیم کو مبارک باد دی جو بھرپور اور شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دوطرفہ سطح اور عالمی فورمز پر پاکستان کی دیرینہ اور بھرپور حمایت پر یو۔اے۔ای کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے خاص طور پر یو۔اے۔ای پاکستان اعانت پروگرام کے تحت پاکستان میں انسانی خدمت وفلاح کے منصوبہ جات شروع کرنے اور عالمی وباء کے دوران یو۔اے۔ای کی طرف سے فراہم کردہ کلیدی امداد کی تحسین کی۔ انہوں نے 1.7 ملین پاکستانیوں کی عزت ووقار کے ساتھ میزبانی کرنے پر یو۔اے۔ای کا شکریہ ادا کیا جو پاکستان اور یو۔اے۔ای کے درمیان نہ صرف پُل کا کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کا فخر بھی ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پولیو کے موذی مرض کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کی بھرپور حمایت میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیتے ہوئے سرمایہ کاری، معاشی ترقی، توانائی، ڈھانچے اور زراعت کے شعبوں میں شراکت داریاں تشکیل دینے اور تعاون تیز کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ ولی عہد نے دنوں ممالک کی آنے والی نسلوں کے مفاد میں قریبی دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے موثر کاوشیں کرنے سے متعلق وزیراعظم کو یقین دلایا۔ انہوں نے یو۔اے۔ای میں رہائش پذیر پاکستانیوں کی جانب سے یو۔اے۔ای کی تعمیر وترقی میں تعمیری کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی اُس وقت یہاں تھے جب دوسرے باشندوں کی یہاں محدود موجودگی اور کاوشیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو۔اے۔ای ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ایک دوسرے کی مدد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عوامی فلاح کے لیے دونوں برادر اقوام کے درمیان رابطوں کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں راہنماﺅں نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ باہمی مفاد کے تمام امور اور اقوام متحدہ، اوآئی سی سمیت کثیرالقومی فورمز پر اشتراک عمل سے موقف اختیار کرنے کے لیے مستقل رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور قریبی تعاون پر مبنی تاریخی دیرینہ برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ رواں ماہ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کا متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہے۔
