وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی کراچی آمد پر سعید غنی کا پرتپاک استقبال

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی کراچی آمد پر صوبائی وزیر سعید غنی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایئرپورٹ پر پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد ان کے استقبال کےلیے پہنچی جنہوں نے نعروں کے ساتھ وزیراعلیٰ کا خیر مقدم کیا۔
کراچی ائیرپورٹ پر حکومت سندھ کی جانب سے صوبائی وزیر سعید غنی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا استقبال کیا، انہوں نے سہیل آفریدی کو اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کارکنوں کے جذبات کو سراہا۔ایئرپورٹ سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ریلی کی صورت میں روانہ ہوئے،جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا دورہ کراچی میں مختلف شخصیات سے ملاقات کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کراچی میں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کو جناح گراؤنڈ کراچی میں جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی نے باغ جناح میں جلسے کی اجازت مانگی ہےاور وہ دی جا رہی ہے۔
وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا پی ٹی آئی سمیت کسی بھی جماعت کی پرامن جدوجہد کو نہیں روکا جاسکتا،قانون کی خلاف ورزی ہوتو مسائل پیدا ہوسکتے ہیں،لیکن جلسہ کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
