آنکھوں کی 6/6 بینائی پر وفاقی آئینی عدالت کے جج اور وکیل میں دلچسپ جملوں کا تبادلہ

وفاقی آئینی عدالت میں جوڈیشل الاؤنس کیس کی سماعت کے دوران دلچسپ لمحے بھی دیکھنے کو ملے، جب عدالت نے آنکھوں کی 6/6 بینائی کا ذکر کیا۔
ایک ٹی وی رپورٹ کے مطابق دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ وکیل صاحب فائل دور سے دکھا رہے ہیں، میری نظر 6/6 نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرض کریں نظر 6/6 بھی ہو، تو بھی اتنی دور سے پڑھنا ممکن نہیں، وکلا شاید دوربین یا ٹیلی اسکوپ لے کر پڑھ سکتے ہوں، لیکن عدالت سے نہیں۔
جسٹس عامر فاروق نے کیس سے متعلق کہا کہ جوڈیشل الاؤنس کے کیسز کی مختلف کیٹیگریز ہیں اور ایک سماعت میں تمام کیسز کا فیصلہ ممکن نہیں۔ ہر کیٹیگری کو الگ الگ ٹریک پر سنجیدہ طریقے سے دیکھا جائے گا۔
بعد ازاں جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 4 اپریل تک ملتوی کر دی۔
