وفاقی حکومت کا  نیشنل رجسٹریشن پالیسی بنانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے تمام صوبوں کے اتفاق رائے کے ساتھ نیشنل رجسٹریشن پالیسی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نادرا کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں نیشنل رجسٹریشن پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کااجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  شناختی کارڈ اور شہریت کا مستند ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس پالیسی پر تمام صوبوں کا اتفاق رائے بھی حاصل کرنا ہو گا، یونین کونسل کو اس ضمن میں بنیاد کا درجہ حاصل ہے، نادرا کی یونین کونسلز تک رسائی اس سلسلے میں انتہائی ضروری ہے، پالیسی سے شہریت کے انداراج کو شفاف اور فول پروف بنایا جائے گا۔ نئی پالیسی سے شہریت کے غیر قانونی اندراج کو بھی روکا جا سکے گا، جس کی وجہ سے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری ہونے کا معاملہ سامنے آیا۔اجلاس میں 6 بڑے شہروں میں نادرا سینٹرز میں اضافے کے پلان کا جائزہ لیا گیا،کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ ملتان کو بھی اس پلان میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محسن نقوی کاکہنا تھا کہ  پلان کو حتمی شکل دے کر اگلے چند روز میں اس پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے تاکہ عوام کو غیر ضروری رش اور زحمت سے بچایا جاسکے، عوام کی سہولت کے لیے خدمت مراکز میں بھی نادرا کاؤنٹرز کا آغاز کیا جائے۔

Back to top button