وفاقی کابینہ کا منظوری کے بغیر تعینات افسران کی برطرفی کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے کابینہ کی منظوری کے بغیر کی گئی تقرریوں پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم کے سیکرٹری نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو مراسلہ جاری کردیا ہے جس میں کابینہ کی منظوری کے بغیر ہونے والی تقرریوں کی 30 اپریل تک تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ سیکرٹری کابینہ 5 مئی کو ان تقرریوں پر وفاقی کابینہ کو بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق 18 اگست 2016 کے بعد وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر تعینات افسران کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعظم کی ہدایت پر پرنسپل سیکرٹری محمد اعظم خان نے تمام وزارتوں کو مراسلہ بھی لکھا ہے۔ مراسلے کے ذریعے 18 اگست 2016 کے بعد وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر ہونے والی تعیناتیوں کی تفصیلات اور وزرا کی منظوری سے تعینات افسران کی لسٹ بھی طلب کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ تمام وفاقی وزارتوں اور ان کے ماتحت اداروں سے 30 اپریل تک بھرتیوں کی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہےکہ وزیراعظم نے بھرتیوں کی رپورٹ 5 مئی کو کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کے سیکرٹری کی طرف سے بھیجے گئے مراسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔
