وفاق سے پہلے بجٹ،علی نوازگنڈاپور نے نیا پنڈوراباکس کھول دیا

وفاقی سے پہلے بجٹ پیش کرنے کااعلان کرکے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی نواز گنڈا پور نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔
خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے مالی سال 2024 -25 کا بجٹ پیش کرنے کے لیے 24 مئی کو صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی حکومت وفاق سے پہلے اپنا بجٹ پیش کرنے جارہی ہے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے 24 مئی بروز جمعہ کو بجٹ اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں سال 2024 -25 کا سالانہ بجٹ پیش کیا جائے گا ۔ صوبے کی وفاق سے سیاسی تناو کی وجہ سے بجٹ کو پہلے پیش کرنے کے فیصلے کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ قرار دیا جارہا ہے۔
خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم کا صحافیوں سے گفتگو میں کہناتھا کہ وفاق سے پہلے بجٹ پیش کرنے کو سیاست سے نہیں جوڑنا چاہیے۔ ’ہمارا صوبہ ایسا فیصلہ کرنے میں خودمختار ہے۔ ہمارے اپنے اخراجات ہیں، ترقیاتی فنڈز ہیں، صوبے کے اپنے پنشن اور تنخواہواں کے اخراجات ہیں۔وفاق کے ٹیکس کے ٹارگٹ کا بھی سب کو معلوم ہے جو کہ 11.1 یا 11.2 ٹریلین ہوگا اس کا فارمولہ فکس ہے، ہمارے پاس کتنا آئے گا وہ ہمیں پتا چل جائے گا۔
مشیر خزانہ کاکہنا ہے کہ صوبے کو این ایچ پی کا کتنا حصہ ملے گا وہ ہمیں پتا ہے اسی طرح ضم اضلاع کا کتنا حصہ ہے وہ بھی سب طے ہے۔ ہ وفاق سے پہلے بجٹ پیش کرنے میں کیا قباحت ہے اگر مرکز 8 جون کو بجٹ پیش کرتی ہے اور 15 کو ہمارا صوبہ بجٹ پیش کرے تو 17 سے بڑی عید کی چھٹیاں ہیں جس کی وجہ سے بجٹ اجلاس متاثر ہوگا۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ ’ہمارا صوبہ ہے اسی لیے ہم اپنی آسانی کو دیکھ کر فیصلہ کر رہے ہیں تاہم اس میں وفاق کا فائدہ ہے نہ نقصان ہے۔
