ووٹنگ قریب آتے ہی منحرف اراکین اسمبلی واپس آئیں گے

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ قریب آتے ہی پی ٹی آئی کے منحرف اراکین اسمبلی واپس آ جائیں گے. راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں فلور کراسنگ کرنے والے اراکین سے متعلق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے ووٹ کا دن قریب آئے گا تو یہ سارے لوگ واپس آئیں گے. تحریک عدم اعتماد سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس پر پاکستان میں زبردست کام ہو رہا ہے کیونکہ لوگوں کو کبھی نہ کبھی پتہ چلنا تھا کہ پاکستان میں پیسے کی سیاست آگئی ہے، اتنے کھل کر پیسے کی سیاست سامنے آگئی ہے کہ ضمیر خریدنے کے لیے منڈی لگی ہوئی ہے. وزیر اعظم نے کہا کہ چوری کا پیسہ ہے یا حکومت سندھ کا پیسہ ہے، اس کا مطلب ایک ہی ہے کہ یہ عوام کا پیسہ ہے اور یہ غیرقانونی ہے کیونکہ سیاست دانوں کے ضمیر خریدنے کے لیے یہ پیسہ استعمال کریں اور یہ چھپ کر نہیں اوپن ہو رہا ہے. انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں اس کو بچانے کے لیے پولیس بلائی گئی ہے. وزیر اعظم نے اپوزیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کون سی ایسی سرگرمی تھی کہ آپ کو چھپ کر کرنا پڑے، رات کے اندھیرے میں یہ کام اسی لیے کیا گیا کیونکہ یہ ایک غیرقانونی سرگرمی ہے.
رنگ روڈ منصوبے سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ شہروں کے ماسٹر پلان اس لیے ضروری ہیں کیونکہ شہر پھیلتے جارہے ہیں، جس سے نقصان یہ ہوگا کہ زرعی زمین کم ہوجائے گی. وزیر اعظم نے نالہ لئی کے منصوبے کا تین ہفتے تک اعلان کرنے کا کہا. انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد پنڈی کو نیا شہر بنانا ہے. وزیراعظم نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ کہیں پنڈی بھی لاہور کی طرح پھیلتا نہ چلا جائے. انہوں نے بتایا کہ رنگ روڈز بنائیں گے اور شہر کو مزید پھیلنے سے روکیں گے.

Back to top button