وہ کون سی عادات ہیں جو آپ کو بوڑھا کر دیتی ہیں؟

زندگی میں غیر صحت مندانہ عادات ایک طرف تو ہمیں بے شمار بیماریوں میں مبتلا کرتی ہیں، دوسری طرف یہ ہماری جلد اور عمر پر بھی منفی اثرات مرتب کرتی ہیں۔ ان غیر صحت مندانہ عادات کی وجہ سے بعض افراد اپنی عمر سے بوڑھے نظر آنے لگتے ہیں۔اگر آپ بھی کچھ ایسی ہی صورتحال کا شکار ہیں، یعنی اپنی عمر سے بڑے نظر آتے ہیں، تو پھر آپ کو جاننے کی ضرورت ہے کہ آپ میں کون کون سی مضر صحت عادات موجود ہیں۔
ملٹی ٹاسک
ایک وقت میں بہت سارے کام یا ملٹی ٹاسک اگر آپ ہر وقت متعدد کام بیک وقت کرنے کے عادی ہیں تو اس مصروف زندگی کے تناؤ کی قیمت آپ کے جسم کو ادا کرنا پڑے گی۔متعدد سائنسی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکے ہے کہ بہت زیادہ تناؤ جسمانی خلیات کو نقصان پہنچانے اور عمر کی رفتار بڑھانے کا سبب بنتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک وقت میں ایک کام کریں اور اسے مکمل کرنے کے بعد ہی کسی اور چیز پر توجہ دیں۔
مٹھاس کا بہت زیادہ استعمال
میٹھی اشیاکس کو پسند نہیں ہوتی مگر یہ جسمانی وزن میں اضافے کے ساتھ ساتھ آپ کے چہرے کی عمر بھی بڑھا دیتی ہیں۔ شوگر یا چینی زیادہ استعمال کرنےکی وجہ سے ہمارے خلیات سے منسلک ہوجاتی ہے اور اس کے نتیجے میں چہرے سے سرخی غائب ہوجاتی ہے اور آنکھوں کے نیچے گہرے حلقے ابھر آتے ہیں اسی طرح جھریاں اور ہلکی لکیریں بھی چہرے کو بوڑھا بنا دیتی ہیں۔ تو میٹھی اشیاسے کچھ گریز آپ کے چہرے کی چمک برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
کم نیند
روزانہ بھرپور نیند آپ کے جسم اور دماغ کو توانا رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ نیند کی کمی جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی صحت پر اثر انداز ہوتی ہے اور آپ کو بوڑھا کرنے کے ساتھ ساتھ بدترین نقصانات پہنچاتی ہے۔یہی نہیں نیند کی کمی آپ میں کئی جان لیوا امراض کا خطرہ بھی بڑھا دیتی ہے جس سے آپ قبل از وقت موت کا شکار بھی ہوسکتے ہیں۔ کم سونا نہ صرف آنکھوں کے گرد بدنما حلقوں کا سبب بنتا ہے بلکہ یہ زندگی کی مدت بھی کم کردیتا ہے۔
بہت زیادہ ٹی وی دیکھنا
آج کل لوگوں کا کافی وقت ٹی وی پروگرامز دیکھتے ہوئے گزرتا ہے مگر برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسین کی ایک تحقیق کے مطابق ایک گھنٹے تک لگاتار ٹی وی دیکھنا بائیس منٹ کی زندگی کم کردیتا ہے۔ اسی طرح جو افراد روزانہ اوسطا چھ گھنٹے ٹی وی دیکھتے ہیں وہ اس عادت سے دور رہنے والے افراد کے مقابلے میں پانچ سال کم زندہ رہ پاتے ہیں۔اس کی وجہ ہے کہ ٹی وی دیکھنے کیلئے آپ زیادہ تر بیٹھے رہتے ہیں، جس کے باعث جسم شوگر کو ہمارے خلیات میں جمع کرنا شروع کردیتا ہے جس سے موٹاپے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا
دن کا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے یا سست طرز زندگی کے عادی افراد میں موٹاپا کا خطرہ تو ہوتا ہی ہے اس کے ساتھ ساتھ گردوں اور دل کے امراض کیساتھ ساتھ کینسر کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے۔ اگر خود کو صحت مند رکھنا ہو تو روزانہ ورزش کی عادت کو اپنانا زیادہ فائدہ مند ہوگا۔
بہت زیادہ میک اپ کا استعمال
چہرے پر بہت زیادہ میک اپ کا استعمال بڑھاپے کی جانب آپ کا سفر بھی تیز کردے گا۔ بہت زیادہ میک اپ خاص طور پر تیل والی مصنوعات جلد میں موجود ننھے سوراخوں یا مساموں کو بند کرکے مسائل کا سبب بن جاتی ہیں۔اسی طرح جلدی مصنوعات کا الکحل اور کیمیکل سے بنی خوشبو کے ساتھ استعمال سے جلد سے قدرتی نمی ختم ہوجاتی ہے اور وہ خشک ہوجاتی ہے جس سے قبل از وقت جھریاں ابھر آتی ہیں۔
نیند کے دوران چہرہ تکیے پر رکھنا
پیٹ کے بل یا ایک سائیڈ پر لیٹ کر سونے سے آپ کا چہرہ تکیے میں دب کر رہ جاتا ہے اور جھریاں ابھرنے کیساتھ بڑھاپے کا سبب بنتا ہے۔ایک تحقیق کے مطابق چہرہ مسلسل تکیے میں دبا رہے تو وہ اندر سے کمزور ہوجاتا ہے اور موجودہ عمر کے مطابق نظر نہیں آتا۔ اگر ایسا مسلسل کیا جائے تو جلد ہموار نہیں رہتی۔
اسٹرا کے ذریعے مشروب پینا
کسی مشروب کو اسٹرا کے ذریعے پی کر آپ دانتوں کو تو داغ لگنے سے بچاسکتے ہیں مگر ہونٹ سکڑنے کا یہ عمل آنکھوں اور چہرے کے ارگرد جھریاں پڑنے کا سبب ضرور بن جاتا ہے۔ یہی نقصان سگریٹ نوشی کا بھی ہے۔ سگریٹ نوشی مختلف بیماریاں اور نقصانات پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ جھریاں پیدا کرنے کا سبب بھی بنتی ہے لہٰذا اگر آپ سگریٹ نوشی میں مبتلا ہیں تو آہستہ آہستہ اس عادت سے چھٹکارہ پانے کی کوشش کریں۔
اپنی خوراک سے چربی کا استعمال مکمل ختم کردینا
خوراک میں کچھ حد تک چربی کا استعمال شخصیت میں جوانی کے اظہار اور احساس کیلئے ضروری ہوتا ہے۔اومیگا تھری فیٹی ایسڈ سے بھرپور مچھلی اور کچھ نٹس جیسے اخروٹ وغیرہ جلد کو نرم و ملائم اور جھریوں سے بچاتے ہیں، جبکہ دل اور دماغ کی صحت کو بھی بہتر بناتے ہیں۔
ویسے تو ماہرین چکنائی کو جسم کے لیے مضر قرار دیتے ہیں اور یہ موٹاپے، فالج اور امراض قلب سمیت کئی بیماریوں کا سبب بنتی ہیں لیکن ایک خاص مقدار کے اندر لی جانے والی چکنائی بھی ہمارے جسم کے لیے فائدہ مند اور ضروری ہے۔اگر آپ چکنائی کا استعمال بالکل کم کردیں گے تو آپ کی جلد خشک ہونے لگے گی اور اس پر جھریاں نمودار ہونے لگیں گی یوں آپ آہستہ آہستہ بوڑھے محسوس ہوں گے۔
سن اسکرین کا استعمال نہ کرنا
ماہرین کا متفقہ طور پر ماننا ہے کہ دھوپ کے مضر اثرات سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ روزانہ جلد پر سن اسکرین کا استعمال کیا جائے۔ جلد پر براہ راست دھوپ کی روشنی جلد کے کینسر میں مبتلا کر سکتی ہے اور اس سے چہرے پر بڑھاپے کے آثارجلد رونما ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
بیٹھنے کی غلط پوزیشن
اگر آپ بیٹھتے ہوئے غلط پوزیشن اختیار کرتے ہیں تو یہ عمل آپ کی ہڈیوں اور اعصاب کو تھکا دے گا جس کے بعد آپ خود کو تھکا تھکا محسوس کریں گے۔طویل عرصے تک غلط زاویوں سے بیٹھنا ہڈیوں کو بوسیدگی کا شکار کرنے لگتا ہے یوں آپ وقت سے قبل ہی جوڑوں کے درد کا شکار ہوسکتے ہیں۔
دوسروں کے لیے کینہ رکھنا
زندگی میں لوگوں سے لڑائی تو ہو ہی جاتی ہے مگر اس تلخی اور غصے کو اپنے اندر چھپائے رکھنا زندگی کے کئی برس کم کردیتا ہے، درحقیقت کینہ رکھنا اتنا بڑا جسمانی دباؤ ہوتا ہے جو کہ صحت کو نقصان پہنچاتا ہے، ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ اپنے اندر کینہ رکھتے ہیں، ان میں بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن کی رفتار بڑھ جاتی ہے جبکہ ڈپریشن کا احساس بھی بڑھ جاتا ہے۔ جس سے ان کی صحت پر بہت منفی اثر پڑتا ہے
