ویمنز چیمپئن شپ: پوائنٹس برابر تقسیم کرنے پر پی سی بی ناخوش

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے میزبانی سے انکار کے باوجود پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کو یکساں پوائنٹس دینے کے آئی سی سی کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کردیا۔ آئی سی سی نے گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کو یکساں پوائنٹس دینے کا فیصلہ سنایا تھا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کا حصہ تھی لیکن بھارت نے یہ کہہ کر سیریز کھیلنے سے انکار کردیا تھا کہ پاکستان سے کشیدہ تعلقات کے سبب انہیں اپنی حکومت سے پاکستان کی میزبانی کرنے کی اجازت نہیں ملی۔ آئی سی سی نے اس معاملے کو غیرمعمولی حالات تصور کرتے ہوئے دونوں ٹیموں میں سیریز کے پوائنٹس یکساں تقسیم کر دیے تھے جس پر پاکستان نے انتہائی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناانصافی قرار دیا تھا کیوں کہ سیریز بھارت کی جانب سے منسوخ کی گئی تھی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے اس فیصلے کی بدولت بھارت نے 2021 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا حالاں کہ اگر سیریز کے تمام 6 پوائنٹس پاکستان کو ملتے تو گرین شرٹس ورلڈ کپ کےلیے براہ راست کوالیفائی کر لیتے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ ہمیں اس فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے لیکن ہماری بورڈ کی ٹیم اس فیصلے کا جائزہ لے رہی ہے اور اس کے بعد ہی ہم اس فیصلے پر کوئی تبصرہ ہو سکتا ہے۔ کرک انفو کے مطابق پی سی بی اس وقت آئی سی سی کسے رابطے میں ہے تاہم بورڈ نے اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے، آنے والے دنوں میں پی سی بی کی جانب سے معاملے پر بیان متوقع ہے البتہ اگر یہ بیان دیر سے جاری کیا جاتا ہے تو اس کی زیادہ اہمیت نہیں رہے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے گزشتہ دونوں اجلاسوں ان دوطرفہ سیریز کے حوالے سے بات کرنے کی کوشش کی تھی لیکن انہیں بی سی سی آئی کی جانب سے کوئی معینی خیز جواب موصول نہیں ہوا تھا۔ گزشتہ مرتبہ جب بھارت نے پاکستان سے کھیلنے سے انکار کیا تھا تو آئی سی سی نے پاکستان کو پورے پوائنٹس دے دیے تھے لیکن اس مرتبہ فیصلے میں بھارت کے ساتھ دعایت برتی گئی ہے۔ اس کی واضح طور پر وجہ یہ نظر آتی ہے کہ گزشتہ مرتبہ بھارتی کرکٹ حکام نے سیریز نہ کھیلنے کی کوئی وجہ تحریری طور پر بیان نہیں کی تھی لیکن اس مرتبہ انہوں نے آئی سی سی کو پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ وہ کیوں پاکستان کے ساتھ کھیلنا نہیں چاہتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button