ویڈیو کالز کےلیے فیس بک نے ڈیسک ٹاپ ایپ متعارف کرادی

فیس بک نے میسننجر کی ڈیسک ٹاپ ایپ متعارف کرادی ہے جس کا بنیادی مقصد لامحدود مفت گروپ ویڈیو کالز کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ ونڈوز اور ایپل کے میک آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے کمپیوٹرز اور ڈیسک ٹاپ پر اس ایپ کو انسٹال کیا جاسکتا ہے جو موبائل ایپ سے جڑ جائے گی۔
مارچ میں فیس بک نے بتایا تھا کہ ڈیسک ٹاپ براؤزر پر اس کی میسنجر سروس میں آڈیو اور ویڈیو کالز استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں سو فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس نئی ڈیسک ٹاپ ایپ سے دوستوں اور رشتے داروں سے آڈیو اور ویڈیو کالز کرنا زیادہ آسان ہوجائے گا، کیوں کہ براؤزر میں ٹیبز ڈھونڈنے کی زحمت نہیں کرنی ہوگی۔
فیس بک میسنجر کی جانب سے دنیا بھر میں حکومتوں کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کے حوالے سے افواہوں کی روک تھام کے لیے کام کیا جارہا ہے۔ اس مقصد کے لیے چیٹ بوٹس کی سہولت کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ہب بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ اس انفارمیشن ہب کا مقصد آن لائن غلط معلومات کو پھیلنے سے روکنا بھی ہے۔
میسنجر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس ہب میں ایسے ذرائع صارفین کو فراہم کیے جائیں گے جن سے انہیں اپنے دوستوں، گھر والوں، دفتری ساتھیوں، طالبعلموں، اساتذہ اور دیگر سے گھر میں قرنطینہ کے دوران رابطے میں مدد دے سکیں۔
میسنجر کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے افواہوں اور غلط معلومات کو پھیلنے سے روکنے کے لیے فارورڈ میسجز کی تعداد میں کمی لانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
اس کے لیے ایک فیچر پر کام ہورہا ہے جس کے تحت صارف ایک میسج کو 5 افراد سے زیادہ کو نہیں بھیج سکے گا، تاکہ افواہوں کے پھیلاؤ کو مشکل تر بنایا جاسکے۔
یہ فیچر فی الحال متعارف نہیں کرایا گیا مگر فیس بک نے تصدیق کی ہے کہ کمپنی کے اندر اس کی آزمائش کی جارہی ہے۔
اس سے قبل فیس بک نے 19 مارچ کو کورونا وائرس انفارمیشن سینٹر نیوز فیڈ پر سب سے اوپر متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔
یہ انفارمیشن سینٹر فیس بک کا نیا فیچر ہے جس کا مقصد وائرس کے حوالے سے حکومتوں اور طبی محققین کی جانب سے فراہم کی جانے والی کارآمد معلومات لوگوں تک پہنچانا ہے جبکہ غلط اطلاعات پھیلنے کی شرح کم از کم کرنا ہے۔
یہ انفارمیشن سینٹر رئیل ٹائم میں اپ ڈیٹ ہوگا، جب کہ عالمی ادارہ صحت سمیت دیگر آفیشل ذرائع سے نئی معلومات اور تجاویز فراہم کی جائیں گی۔
اسی طرح فیس بک میں کورونا وائرس کے علاج کے حوالے اشتہارات پر پابندی عائد کی گئی جب کہ عالمی ادارہ صحت کو 2 کروڑ ڈالرز مالیت کے اشتہارات کی جگہ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
واٹس ایپ نے اپنی ویب سائٹ پر کورونا وائرس سے متعلق مستند معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے واٹس ایپ کورونا وائرس کا پیچ متعارف کرایا، جہاں پر لوگوں کو دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والی وبا سے متعلق درست معلومات تک رسائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کرائے گئے کورونا وائرس کی معلومات کے فیچر کو نہ صرف صحت سے متعلق عالمی اداروں کے تعاون سے پیش کیا گیا ہے بلکہ اس فیچر میں درست معلومات کی فراہمی یقینی بنانے کےلیے میسیجنگ ایپلی کیشن نے متعدد فیکٹ چیکر اداروں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔
مگر اس کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ کے کروڑوں صارفین کو درست معلومات کی فراہمی کے لیے عالمی ادارہ صحت نے بھی ایک ہیلتھ الرٹ یا چیٹ بوٹ متعارف کرایا ہے جو اعدادوشمار، مختلف سوالات کے جواب اور دیگر معلومات فراہم کرتا ہے۔
اس مقصد کے لیے +41 79 893 1892 کو فون کانٹیکٹ میں سیو کرکے اس پر hi کا مسیج کردیں، آپ کے سامنے مینیو کھل جائے، جس میں مختلف ایموجیز کے ذریعے مطلوبہ معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button