ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کو آج سے پٹرول نہیں ملے گا

لاہور میں ویکسی نیشن نہ کرانے والے شہریوں کو آج سے پٹرول نہیں ملے گا۔کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لیے لاہور کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے بڑے فیصلے کرلیے۔ آج سے شہر بھر میں ویکسین نہ کروانے والوں کو بنیادی سہولیات مہیا نہیں کی جائیں گی۔ لاہور میں شاپنگ مالز، بازار اور ریسٹورنٹس میں صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر کوئی شہری سفر بھی نہیں کر سکے گا۔ اسی طرح کوئی ڈرائیور گاڑی بھی اڈے سے نہیں نکال سکے گا۔ صرف کرونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگوانے والوں کو سفر کی اجازت ہوگی۔ عمل در آمد کے لیے ٹرانسپورٹرز کو بھی ہدایات جاری کر دی گئیں۔
ویکسین نہ کروانے والے پولیس افسران اور اہلکار بھی ریڈار پر آگئے۔ سی سی پی او لاہور نے ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کا حکم دے دیا۔ غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ ویکسین نہ کروانے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمات بھی درج ہوں گے۔
کرونا ویکسی نیشن نہ کروانے والے لیسکو ملازمین کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ لیسکو انتظامیہ نے ویکسین نہ کروانے والے تمام ملازمین کی ماہ اگست کی تنخواہیں روک لیں۔ ویکسین نہ کروانے والے متروکہ وقف املاک بورڈ کے 5 سو سے زائد ملازمین بھی تنخوا سے محروم رہیں گے۔ ایڈمن برانچ نے سرٹیفکیٹ جمع نہ کروانے پر اگست کی تنخواہیں روکنے کا مراسلہ جاری کر دیا۔
