ٹرمپ نے سی این این پر 475 ملین ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کر دیا

امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی این این پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا جس میں نشریاتی ادارے سے 475 ملین ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا کی ضلعی کورٹ فورٹ لاڈرڈیل میں سی این این پر بے جا تنقید کے ذریعے سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے 475 ملین ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سی این این نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سیاسی طور پر شکست دینے کے لیے بدکاری اور بہتان پر مشتمل باقاعدہ مہم چلائی اور سرکردہ میڈیا ہاؤس ہونے کی حیثیت سے اپنا اثر و رسوخ استعمال کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر نے اپنے دعویٰ میں الزام عائد کیا کہ سی این این نے مجھ پر نسل پرست، روس کا حامی، ہٹلر اور بغاوت پسند ہونے کے گھناؤنے، جھوٹے اور ہتک آمیز القاب سے بھی پکارا،ڈونلڈ ٹرمپ نے مقدمے میں ایسے واقعات کی فہرست بھی پیش کی جس میں ’’سی این این‘‘ ان کا ہٹلر سے موازنہ کیا اور بشمول میزبان فرید زکریا کی جنوری 2022 کی خصوصی رپورٹ میں جرمن آمر کی فوٹیج بھی شامل تھی۔

رپورٹس کے ماطقب ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 29 صفحات پر مشتمل مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سی این این کا ان پر تنقید کرنے کا طویل ماضی ہے لیکن حالیہ مہینوں میں اس میں اضافہ ہوا ہے کیوں کہ سی این این کو خدشہ ہے کہ سابق صدر 2024 میں دوبارہ صدارتی انتخاب لڑیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست فاش ہوئی تھی تاہم انھوں نے اپنی ہار کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا اور اشتعال انگیز تقریر کی جس کے ردعمل میں ان کے حامیوں نے کانگریس کی عمارت پر حملہ کردیا تھا۔

Back to top button