ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے نیوزی لینڈ ٹیم کا اعلان

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے ، کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھنے والے روس ٹیلر کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے ۔۔سکواڈ سے کولن ڈی گرینڈ ہوم اور فن ایلن کو بھی ڈراپ کردیا گیا ہے جبکہ فاسٹ باؤلر ایڈم ملنے کو متبادل کے طور پر شامل کیا گیا ہے اور کسی کھلاڑی کی انجری کی صورت میں انہیں اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔
2014 اور 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں ہانک کانگ کی نمائندگی کرنے والے مارک چیپمین کو بھی عالمی ایونٹ کے لیے کیویز نے اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔متحدہ عرب امارات کی اسپنرز کے لیے سازگار وکٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 15 رکنی دستے میں مچل سینٹنر اور اش سودھی کے ساتھ ساتھ اسپن آل راؤنڈر ٹوڈ ایسٹل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
فاسٹ باؤلنگ کی ذمے داری ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤدھی، کائل جیمیسن اور لوکی فرگیوسن کے مضبوط کاندھوں پر ہوگی جبکہ وکٹ کیپرز میں ٹم سیفرٹ اور گلین فلپس دونوں ہی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔نیوزی لینڈ ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ 2 میں موجود ہے جہاں اسے پاکستان، بھارت اور افغانستان کے ساتھ ساتھ دو کوالیفائرز کا چیلنج بھی درپیش ہو گا۔
ایونٹ کے لیے نیوزی لینڈ کا اسکواڈ ان کھلاڑوں پر مشتمل ہے۔کین ولیمسن (کپتان)، مارک چیمپین، ڈیون کونوے، مارٹن گپٹل، ڈیرل مچل، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ، ٹوڈ ایسٹل، جمی نیشام، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگیوسن، ٹم ساؤدھی، مچل سینٹنر، اش سودھی، کائل جیمیسن اور ایڈم ملنے(متبادل)۔
