ٹی 20پلیئرز کی رینکنگ جاری، ٹریوس ہیڈ کی پہلی پوزیشن برقرار

آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی۔ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
آئی سی سی نے نئی ٹی 20 پلیئرز رینکنگ جاری کر دی، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی پہلی پوزیشن بدستور برقرار ہے۔
بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے یشوی جیسوال ایک درجہ بہتری کے بعد نویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ 4 درجے ترقی کرتے ہوئے دسویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
پاکستان کے بابراعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد 13ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان بھی ایک درجہ نیچے جا کر 14ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
بنگلا دیش کے تنزید حسن نے 18 درجے بہتری کے بعد 37ویں پوزیشن حاصل کی۔
بولرز رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی سرفہرست ہیں۔ بنگلا دیش کے مستفیض الرحمان 17 درجے ترقی کے ساتھ 9ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں، جبکہ بھارت کے ارشدیپ سنگھ ایک درجہ بہتری کے ساتھ دسویں نمبر پر پہنچ گئے۔
بنگلا دیش کے مہدی حسن نے بھی 9 درجے چھلانگ لگا کر 16ویں پوزیشن حاصل کی۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھارت کے ہاردک پانڈیا سرفہرست ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز 7 درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
