ٹی 20 ورلڈ کپ: کرکٹ کے میگا ایونٹ کا آج سے امریکہ میں آغاز

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب آج نیویارک میں ہوگی جبکہ امریکہ پہلی بار بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ کی ویسٹ انڈیز کے ساتھ مشترکہ میزبانی کر کے تاریخ رقم کرے گا۔ اس میگا ایونٹ کا پہلا میچ آج امریکہ اور کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان ڈیلاس میں کھیلا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ یورپ میں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے کے بعد لندن سے امریکہ پہنچ گئی۔

مختصر فارمیٹ کرکٹ کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ میں پہلی بار 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور 55 میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا آغاز یکم جون کو میزبان ٹیم امریکہ اور کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان میچ سے ہو رہا ہے کبکہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز اور پاپوا نیوگنی کی ٹیمیں گیانا میں مدمقابل ہوں گی۔ تیسرے میچ میں نمیبیا اور عمان کی ٹیمیں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی جو کہ بارباڈوس میں 2 جون کو کھیلا جائے۔ 3 جون کو میگا ایونٹ کے 2 میچز کھیلے جائیں گے جس میں پہلا میچ سری لنکا اور جنوبی افریقا کے درمیان ہو گا جبکہ دوسرا میچ افغانستان اور یوگانڈا کے درمیان ہو گا۔

پاکستان اپنا افتتاحی میچ میزبان ٹیم امریکہ کے خلاف 6 جون کو ڈیلاس میں کھیلے گی جب کہ میگا ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان 9 جون کو نیویارک میں ہوگا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 4 گروپس شامل ہیں جبکہ ہر گروپ میں 5 ٹیمیں ہوں گی جن کے مابیں گروپ میچز ہوں گے۔
گروپ اے میں بھارت، پاکستان، آئرلینڈ، کینیڈا، امریکا شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، سکاٹ لینڈ، عمان شامل ہیں۔ گروپ سی میں نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، یوگنڈا، پاپوا نیو گنی ہیں جبکہ جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز اور نیپال گروپ ڈی کا حصہ ہیں۔

پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 6 جون کو امریکہ کیخلاف ڈیلاس میں میچ کھیلے گا جبکہ 9 جون کو نیویارک میں روایتی حریف بھارت کے مد مقابل ہو گا۔11 جون کو پاکستان بمقابلہ کینیڈا میچ نیویارک میں ہو گا۔ 16 جون کو پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ لاڈر ہل میں ہو گا۔

Back to top button