ٹی20ورلڈکپ ،پاک بھارت ٹاکربارش سےمتاثرہونےکاخدشہ

آئی سی سی ٹی 20ورلڈکپ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا بارش کی وجہ سے متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا۔
ٹی 20ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کا گروپ اے کا اہم میچ کل کولمبو میں شیڈول ہے اور دونوں ٹیموں کی جانب سے بھرپور تیاری کی جارہی ہے۔لیکن کولمبو کے غیر متوقع موسم کی وجہ سے پاک بھارت ٹاکرا کچھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
سری لنکن محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ Bay of Bengal میں کم دباؤ کا نظام بن رہا ہے، جس کے باعث اتوار کی شام ہونے والے پاک بھارت میچ میں بارش کا قوی امکان ہے۔
اتوار کو کولمبو میں موسم دن کے آغاز میں گرم اور حبس زدہ رہنے کی توقع ہے، جبکہ درجہ حرارت تقریباً 30 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
تاہم دوپہر کے دوران مختلف اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ، یہ بارش کے امکانات 50 سے 70 فیصد بتائے جا رہے ہیں۔
پاک بھارت میچ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہونا ہے، لیکن کچھ موسمی ماڈلز کے مطابق میچ کےآغاز سے پہلے شدید بارش ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں ٹاس میں تاخیر یا میچ کے اوورز کم ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
کچھ موسمی پیش گوئیاں کولمبو میں شام 8 بجے کے بعد موسم میں معمولی بہتری کی نشاندہی کرتی ہیں، تاہم رات بھر وقفے وقفے سے بارش کے امکانات برقرار رہیں گے۔
اگر میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو پاکستان اور بھارت دونوں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔شائقین یہی دعا کررہے ہیں کہ یہ ہائی وولٹیج میچ بارش سے متاثر نہ ہو۔
