ورلڈ کپ:پاکستان کے ہاتھوں نیدرلینڈز کو6 وکٹوں سے شکست

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے نیدر لینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔
پرتھ میں کھیلے گئےمیگاایونٹ میچ میں ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا، قومی ٹیم نے ہدف 14 ویں اوور میں 4 وکٹیں گنوا کر حاصل کیا۔ کپتان بابراعظم ایک بار پھر 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر محمد رضوان 49 بناکر وکٹ گنوابیٹھے۔میچ کے اختتامی لمحات میں قومی کرکٹرز نے رن ریٹ بہتر کرنے کے بجائے سنگل ڈبل پر فوکس کیا، شان مسعود نے 16 گیندوں پر 12 جبکہ افتخار احمد نے 5 رنز اسکور کیے۔
نیدر لینڈز کی جانب سے برینڈن گلوور نے دو جبکہ پال وین میکرین نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں نیدر لینڈز نے پاکستان کی جیت کے لیے 92 رنز کا ہدف دے دیاتھا۔ قومی ٹیم کے باؤلرز کی شاندار گیند بازی کی بدولت نیدر لینڈز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 91 رنز ہی بناسکی۔نیدر لینڈز کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی، پاکستان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 91 رنز بناسکی اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 92 کا ہدف دیا، کولن ایکرمین 27 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 15 رنز بنائے، اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4 اوورز میں 22 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد وسیم جونیئر نے بھی نپی تلی باؤلنگ کی اور 3 اوورز میں 15 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں،شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ لی،پاکستان کے پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ، مڈل آرڈر بلے حیدر علی کی جگہ جارح مزاج بیٹر فخر زمان کو شامل کیا گیا۔
دریں اثنااہم میچ میں نیدر لینڈز نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیاتھا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہیں، ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان ، شان مسعود، فخر زمان، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ ہیں،نیدر لینڈز کی قیادت اسکاٹ ایڈورڈز کر رہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں میکس او ڈاؤڈ ،سٹیفن مائیبرگہ، باس ڈی لیڈے، ٹام کوپر، کولن ایکرمین، رولوف وین ڈیرمروی، ٹم پرنگل، فریڈ کلاسن، پال وین میکرین، برینڈن گلوور شامل ہیں۔
یاد رہے کہ آج ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر 12 مرحلے میں 3 میچز شیڈول ہیں جہاں دوسرے میچ میں پاکستان اور نیدرلینڈ مد مقابل ہیں جب کہ تیسرے میچ بھارت اور جنوبی افریقا آمنے سامنے ہوں گے، اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے سنسنی خیز میچ کے بعد زمبابوے کو 3 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان کو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے نیدرلینڈز کو شکست دینا لازمی ہے، دو روز قبل کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک رن سے شکست دی تھی، ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی یہ مسلسل دوسری شکست تھی اور وہ تاحال کوئی پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، تاہم پوائنٹس ٹیبل پر بہتر رن ریٹ کی بدولت نیدرلینڈز سے ایک نمبر آگے ہے۔
قبل ازیں رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو بھارت نے انتہائی سنسی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
