پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو بلانے کا فیصلہ

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو بلانے کا اعلان کر دیا ، انھوں نے اس بات کا اعلان وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے ملاقات کے دوران کیا ، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی، اصلاحات اور خصوصی اقدامات اسد عمر اور وفاقی وزیر برائے بین صوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے شرکت کی۔ملاقات میں مجلس شوریٰ پارلیمنٹ سے صدر مملکت کے خطاب ، قانون سازی اور نئے پارلیمانی سال کے کلینڈر سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ پارلیمانی سال کا آغاز صدر مملکت کے خطاب سے ہوگا ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ موثر قانون سازی کے ذریعے ملک کو درپیش چیلنجزوں  پر قابو اور عوام کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکتا۔ نئے پارلیمانی سال کا کلینڈر تیار کر لیا گیا ہے جسے ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ چوتھے پارلیمانی سال میں زیر التواء قوانین کی منظوری اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق قوانین ترجیحی بنیادوں پر منظوری کے لیے پیش کیے جائیں ،قومی اسمبلی کے تیسرے پارلیمانی سال میں عوامی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد بلز منظور کیے گے ، بحٹ اور عوامی اہمیت کے حامل امور پر سیر حاصل بحث کی گئی۔اسد قیصر نے کہا کہ قومی اسمبلی کی تین سالہ کارکردگی قابل ستائش ہے جس کا کریڈٹ حکومت اور اپوزیشن کے اراکین کو جاتا ہے۔

Back to top button